کشمیری فٹ بالر عامر سراج کو بھارتی فوج نے شہید کردیا


سری نگر: معروف کشمیر ی فٹ بالر عامر سراج سمیت 2 نوجوانوں کو بھارتی فوج نے جعلی مقابلے میں شہید کر دیا ہے۔

حریت رہنماء حمید لون کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کا الزام لگا کر نوجوانوں کو قتل کر رہا ہے۔ فٹ بالر جولائی 2020 سے لاپتہ تھے اورعامر سراج کا تعلق ضلع بارہ مولہ کے سوپور ٹاؤن سے تھا۔

اس حوالے سے سری نگر سے غلام محمد خان سوپوری کا بیان سامنے آیاہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی فوج گذشتہ کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا ارتکاب کر رہی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو ہلاک کر رہی ہے۔

غلام محمد خان سو پوری کا کہنا ہے کہ پیشہ ور فوجیں کشمیریوں کو دبانے کے لیے سفاکانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہیں جو 7 دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی میڈیا پر قدغن کا فائدہ اٹھا کر بھارتی قبضہ کے خلاف اٹھنے والی ہر آواز کو بند کرنے پر تلی ہوئی ہے اور گزشتہ کچھ عرصہ سے نوجوان اس کا ہدف ہیں۔

Comments are closed.