آصفہ بھٹو خصوصی طیارے سے ملتان پہنچ گئیں، کارکن رکاوٹیں توڑکر جلسہ گاہ داخل
ملتان(زمینی حقائق ڈاٹ کام) ملتان میں پی ڈی ایم جماعتوں کے ہزاروں کارکنان رکاؤٹیں توڑ کر جلسہ گاہ میں داخل ہو گئے، بے نظیر بھٹو شہید کی بیٹی آصفہ بھٹو خصوصی طيارے سے ملتان پہنچ گئی ہیں۔
قلعہ کے مین راستے پر کارکنان کی چڑھائی کے بعد موقع پر موجود پولیس بغیر کسی مزاحمت کے راستے سے ہٹ گئی۔ اس موقع پر کارکنان آپے سے باہر ہوگئے اور راستے میں لگیں تمام رکاؤٹیں توڑ دیں۔
جلسے گاہ کی جانب روانہ متعدد کارکنوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ تاہم ابھی تک پی ڈی ایم قیادت کا کوئی رہنما جلسہ کے مقام پر نہیں پہنچا ہے۔ جلسہ گاہ میں کوئی اسٹیج یا کرسیاں موجود نہیں ہیں۔
قاسم باغ اسٹیڈیم کے اطراف میں کنٹینر تاحال موجود ہیں جلسے کے منتظمین کی جانب سے موبائل اسٹیج اور ساؤنڈ سسٹم کا انتطام کیا جا رہا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم ساتھیوں کے ساتھ جلسہ گاہ کیلئے روانہ ہو رہے ہیں۔ جب تک جلسہ نہیں ہوجاتا ہم نہیں جائیں گے۔ اس سے پہلے وہ ہمیں گرفتار کریں، ہم انہیں گرفتار کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کنٹینرز سے متعلق عدالتی فیصلہ حقائق پر مبنی ہے۔ رضا کار اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔ کوئی ہمیں مارے گا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ وہ ہمیں بندوق سے ماریں گے تو ہم انھیں ڈندے سے ماریں گے۔
آصفہ بھٹو سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم آصفہ بھٹو کوخوش آمدید کہتے ہیں جبکہ مریم نواز بھی راستے میں ہیں.
وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ امن کی راہ ميں رکاوٹ ڈالنے پر 209 افراد کو گرفتار کيا گيا۔ کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
کمشنر لاہور کے مطابق ملتان جانے والے کچھ بند راستوں پر قافلوں نے رکاوٹيں ہٹا ديں ہیں۔ اس سلسلے میں 6 اضلاع کی ريزرو پوليس ہنگامی صورت حال سے نمٹے گی۔
یاد رہے کہ پی ڈی ایم قیادت نے آج ملتان میں 30 نومبر کو ہر صورت جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فضل الرحمان نے حکومت کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ جلسہ روکا تو پاکستان کا ہر ضلع جلسہ گاہ بن جائے گا۔
ملتان کے گھنٹہ گھر چوک پر صبح سے ہی کارکنوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شہر میں دکانیں اور کاروباری مراکزبند کرا دیئے گئے ہیں، گیلانی ہاؤس آنے والا ایک راستہ سیل کردیا گیا۔ ڈنڈا بردار کارکنان گیلانی ہاؤس سے باہر نکل آئے اور گیلانی ہاؤس کے باہر ساؤنڈ سسٹم ٹرک پہنچا دیا گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل کردی گئی۔ اپوزيشن کا ملتان میں ہونے والا جلسہ روکنے کیلئے انتظاميہ نے تیاریاں کرلیں۔ قاسم باغ اسٹيڈيم کے راستوں پر پوليس کے تازہ دم دستے تعينات ہیں۔
ملتان کے گیلانی ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مریم نواز رکاوٹیں توڑ کر آئیں گی۔ مريم نواز کی جلسے ميں شرکت يقينی بنانے کے ليے ن ليگ نے حکمت عملی تيار کرلی۔
ن لیگ کے مطابق موٹر وے بند کی گئی تو جی ٹی روڈ سے مریم نواز ملتان جائيں گی۔ دونوں راستے بند ہونے پر فضائی سفر کا آپشن زير غور ہے۔ بلاول ورچوئل سے جلسے سے خطاب کريں گے۔
Comments are closed.