لاہور قلندر کو حفیظ نے جتا دیا، زلمی ٹرافی کی دوڑ سے آوٹ
فوٹو: پی ایس ایل
کراچی (سپورٹس ڈیسک)لاہور قلندر نے پاکستان سپر لیگ 5 ایڈیشن کے پہلے ایلیمنیٹرز میں پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے ہرا کر ٹرافی کی دوڑ سے آوٹ کردیا اب ملتان سلطان کے ساتھ لاہو ر قلندر کا مقابلہ فائنل میں پہنچنے کیلئے ہوگا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 171 رنزکا ہدف دیا تھا جو قلندزر نے 19 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور حیدر نے کیا جو مایوس کن رہا اور حیدر علی بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے شاہین شاہ کے یارکر پر بولڈ ہو کر پویلین واپس جا بیٹھے۔
بعد میں زلمی کی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں تاہم شعیب ملک، ہارڈس ویلیون اور فاف ڈیوپلیسی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
شعیب ملک 39، ہارڈس ویلیون 37 اور فاف ڈیوپلیسی 31 رنز بناکر نمایاں رہے،لاہور قلندرز کے دلبر حسین نے 3 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ڈیوڈ ویزے نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کیں۔
پشاور زلمی کے 171 رنز کے ہدف میں قلندرز کا آغاز بھی مایوس کن رہا اور اوپنر فخر زمان 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد تمیم اقبال بھی 18 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے دونوں کو ثاقب محمود نے واپسی کے ٹکٹ تھمائے۔
کپتان سہیل اختر بھی 7 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، بین ڈنک بھی خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم محمد حفیظ نے زلمی پر حملوں کا سلسلہ وکٹری شارٹ لگنے تک جاری رکھا اور 74رنز بنا کر ناٹ آوٹ واپس آئے۔
حفیظ کی شاندار بیٹنگ کے بدولت قلندرز نے 19 ویں اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا اور یوں زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر ایلیمنیٹر 2 کیلئے کوالیفائی کرلیاہے،محمد حفیظ 74 رنز بناکرمین آف دی میچ قرار پائے۔
زلمی کی جانب سے ثاقب محمود نے 3 جبکہ راحت علی اور محمد عمران نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،اس جیت کے ساتھ ہی ایلیمنیٹرز 2 میں لاہور قلندرز کا میچ پہلے کوالیفائر میں ہارنے والی ملتان سلطانز سے اتوار کو رات 8 بجے ہوگا۔
دوسری جانب کراچی کنگز نے پہلے کوالیفائر میں ملتان کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی ہے اور ملتان سلطانزاور لاہور قلندر میں سے جو بھی ٹیم جیتے گی اس کو ٹرافی کی دوڑ جیتنے کیلئے کراچی کنگز کاسامنا کرنا پڑے گا۔
Comments are closed.