یونس خان پاکستان ٹیم کے بیٹنگ کوچ مقرر
فوٹو: پی سی بی
لاہور(سپورٹس ڈیسک) سابق لیجنڈ بیٹسمین یونس خان کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا ہے وہ یہ ذمہ داری آ ئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 تک نبھائیں گے۔
دورہ انگلینڈ سے اپنے کوچنگ کیئریر کا آغاز کرنے والے یونس خان کو پہلی اسائنمنٹ دورہ نیوزی لینڈ کی دی گئی تاہم ان کا اس بار 2022تک ٹیم کے ساتھ رکھنے کافیصلہ کیاگیاہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ یونس خان جب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے تو وہ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے۔
اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ یونس خان اب کم از کم دو برسوں کے لیے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے کام کریں گے، مختصر دورہ انگلینڈ میں یونس خان کے حوالے سے فیڈ بیک شاندار ملا تھا۔
انہوں نے کہا کہ محمد یوسف پہلے ہی نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں کام کر رہے ہیں، اس طرح پی سی بی کے پاس اب دو بہترین کرکٹرز کی خدمات موجود ہیں جو ہمارے بیٹسمینوں کے مستقبل کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔
بطور کوچ اپنے انتخاب پر سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کے سیٹ اپ میں شمولیت پر خوش ہوں، ایک مرتبہ پھر دورہ نیوزی لینڈ میں انہی لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل رہا ہے جن کے ساتھ انگلینڈ میں کام کیا۔
واضح رہے یونس خان نے 118 ٹیسٹ میچز میں 10099 جب کہ 265 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں 7249 اور 25 ٹی ٹونٹی میچز میں 442 رنز اسکور کئے۔
پاکستان کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے سب سے زیادہ سنچریاں 34 اسکور کیں، ان کا بہترین اسکور 2009 میں کراچی میں سری لنکا کے خلاف 313 رنز تھایونس خان آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2009 کی فاتح پاکستان ٹیم کے کپتان بھی تھے۔
Comments are closed.