ہدف کے قریب ہوں لیکن ابھی جیت کا اعلان نہیں کروں گا، جوبائیڈن
ڈیلاویئر: جیت کے قریب پہنچے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی صدارت ملنے کے قوی امکان کے باوجود ہم انتخابات میں فتح کا اعلان ابھی نہیں کریں گے۔
ڈیلاویئر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ نتائج سامنے آ رہے ہیں جس سے واضح نظر آ رہا ہے کہ ہم جیت رہے ہیں ہم فتح کے بالکل قریب پہنچ چکے ہیں۔
جوبائیڈن نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی مکمل ہو گی تو ہم جیت جائیں گے، پاپولر ووٹ کا فرق بھی بڑھتا جائے گا اب تک صورتحال کافی حد تک واضح ہو چکی ہے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ ہم مطلوبہ الیکٹورل ووٹ حاصل کرلیں گے، جیت کے لیے پُر امید ہوں لیکن ابھی اعلان نہیں کر رہا، جیت میری نہیں امریکی عوام کی ہو گی۔
امریکی صدر اور ریپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ نتائج آتے آتے رک گئے، ایسا نہیں ہو سکتا کہ ووٹنگ ختم ہونے کے بعد ووٹ موصول ہوں اور گنتی میں شامل کیے جائیں، یہ مکمل فراڈ اور امریکی عوام کے ساتھ دھوکا ہے۔
واضح رہے کہ اب تک کے نتائج کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 214 جبکہ جوبائیڈن نے 264 کا ہدف حاصل کیا ہے اور حکومت سازی کیلئے 270 کا ہدف چائیے ہوتا ہے.
Comments are closed.