سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمین کیلئے اچھی خبر
فوٹو:فائل
ریاض (زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی عرب میں نجی آجر و اجیر کے درمیان ملازمت کے معاہدو ں میں بہتری لانے کیلئے سعودی وزارت برائے ہیومن ریسورسز تین نئے فارمولے متعارف کرارہی ہے۔
اس حوالے سے ویب سائٹ سبق کے حوالے سے اردو نیوز نے خبر دی ہے کہ متعلقہ وزارت نے کہا ہے کہ نئے فارمولوں میں غیر ملکی کارکن کو معاہدہ ختم ہونے پر کمپنی کی منظوری لیے بغیر دوسری کمپنی میں کام کرنے کا اختیار ہوگا۔
یہی نہیں بلکہ اس کے علاوہ غیر ملکی کارکن کو خروج وعودہ اور خروج نہائی میں آزادی دی جائے گی، اسے صرف کمپنی کو ابشر کے ذریعہ اطلاع دینی ہوگی۔
ملازمت کے معاہدے میں بہتری لانے کے یہ فارمولے ان متعدد اصلاحات میں سے ہیں جو قومی تبدیلی پروگرام کے تحت ہو رہے ہیں۔وزارت کے مطابق مذکورہ تینوں فارمولے مارچ 2021 میں نافذ العمل ہوں گے۔
مزید وضاحت یہ بھی کی گئی ہے کہ نئے فارمولے کے مطابق اجیر کو یہ حق دیا جائے گا کہ معاہدے کی مدت ختم ہونے کے بعد وہ کسی دوسری کمپنی کے ساتھ ملازمت کا معاہدہ کر لے۔
اجیر کو اس کیلئے پہلی کمپنی سے ایسا کرنے کی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی،اسی طرح خروج وعودہ کے نئے فارمولے کے مطابق غیر ملکی کارکن کو کمپنی سے ایگزٹ ری انٹری ویزہ لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسے سفر پر جانے کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانا ہوگی جبکہ کمپنی کو صرف اطلاع دینی ہوگیجبکہ خروج نہائی یعنی فائنل ایگزٹ پر جانے کے خواہشمند کارکن کو واپس جانے کے لیے کمپنی سے منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
Comments are closed.