عامر خان کی بیٹی کا کم عمری میں جنسی استحصال کااعتراف
ویب ڈیسک
اسلام آباد:بھارتی فلم اسٹار عامر خان کی نوجوان بیٹی ارا خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں انتہائی کم عمری میں اپنے ہی رشتہ داروں نے جنسی ہراسانی کا نشانہ بنایا اور جب ان کا استحصال کیا گیا، اس وقت انہیں پتا ہی نہیں تھا کہ ان کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔
عامر خان کی بیٹی ارا خان نے پہلی بار سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی زندگی کے بارے میں کھل کر بات کی اور بتایا کہ وہ کس طرح کی پرسکون زندگی گزار رہی ہیں۔
ارا خان نے ویڈیو میں اپنی زندگی کی آسائشوں پر بات کی اور اس بات کا اعتراف کیا کہ انہیں تمام آسائشیں اور خوشیاں اپنے والدین کی وجہ سے ہی ملیں،انہوں نے امیر والدین اور دوستوں کو زندگی کا بہت بڑا سرمایہ اور غنیمت قرار دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ بہت سارے لوگ یہ جانتے ہیں کہ عامر خان کی بیٹی ایک پرسکون خوشیوں بھری زندگی گزار ر ہی ہیں، تاہم درحقیقت ایسا نہیں،عامر خان کی بیٹی نے انتہائی کم عمری میں ذہنی پریشانیوں کے شکار ہونے کا اعتراف کیا۔
ارا خان نے بتایا کہ اگرچہ ان کی کم عمری میں ہی ان کے والدین کی طلاق ہوگئی تھی، تاہم اس واقعے نے ان کی ذہنی صحت متاثر نہیں کی،
جب وہ محض 6 سال کی تھیں تو انہیں ٹی بی لاحق ہوگئی اور ان کا پھیپھڑا متاثر ہوا، لیکن خوش قسمتی سے وہ ٹی بی جان لیوا ثابت نہیں ہوئی۔
انھوں نے کہا کہ ٹی بی کے باعث بھی انہیں ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا نہیں پڑا، لیکن اس باوجود وہ ہمیشہ ڈپریشن کا شکار رہتی تھیں اور انہیں سمجھ نہیں آتا تھا کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے؟
ارا خان نے بتایا کہ وہ کلاس روم سے نکل کر باتھ روم چلی جاتی تھیں، جہاں وہ رو کر دل کا بار ہلکا کر لیتی تھیں، تاہم کم عمری کے باعث انہیں کبھی یہ سمجھ نہیں آئی کہ ان کے ساتھ ایسا کیوں ہوتا ہے اور وہ کیوں ذہنی انتشار کا شکار رہتی ہیں۔
ویڈیو میں انکشاف کیا کہ جب وہ محض 14 سال کی تھیں تو ان کے قریبی رشتہ داروں نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا، لیکن اس وقت کم عمری کی وجہ سے وہ اس استحصال کو سمجھ نہیں پائی تھیں۔
ارا خان کے مطابق جن رشتے داروں نے ان کا استحصال کیا، انہیں بخوبی علم تھا کہ وہ ان کے ساتھ کیا کر رہے ہیں، لیکن انہیں ان کی نیت اور عمل کو سمجھنے میں دیر لگی، تاہم وہ ان سے دور ہوگئیں اور اس واقعے کو بھول گئیں، لیکن خود سے سوال کرتی رہیں کہ انہوں نے رشتے داروں کو ایسا کیوں کرنے دیا؟
ارا خان کے مطابق اس واقعے کے گزرنے کے کچھ عرصے بعد وہ اس ڈپریشن سے نکل گئیں لیکن پھر بھی ہمیشہ ان کے ذہن میں انتشار رہا اور انہیں آج تک سمجھ نہیں آیا کہ ان کے ذہنی انتشار کا سبب کیا تھا؟تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں جنسی ہراسانی کرنے والے قریبی رشتے دار کون تھے؟
عامر خان کے مجموعی طور پر تین بچے ہیں، جن میں بیٹی صرف ارا خان ہیں، گزشتہ سال جون میں خبریں آئی تھیں کہ ارا خان نے کلاس فیلو مشال کرپلانی سے تعلقات استوار کرلیے ہیں۔
ارا خان کی والدہ سابق اداکارہ رینا دتا ہیں، جن سے عامر خان نے 1986 میں شادی کی تھی اور انہیں پہلی اہلیہ سے بیٹا جنید خان بھی ہے اور ارا خان اپنے بھائی سے کم عمر ہیں۔
عامر خان اور رینا دتا کے درمیان 2002 میں طلاق ہوگئی تھی،عامر خان نے دوسری شادی فلم ساز کرن راؤ سے 2005 میں شادی کی۔عامر خان اور کرن راؤ کے ہاں 2011 میں بیٹا پیدا ہوا، جس کا نام آزاد راؤ خان رکھا گیا۔
Comments are closed.