بلاول طویل انتخابی دورے پر سکردو پہنچ گئے، شاندار استقبال
سکردو( زمینی حقائق ڈاٹ کام )گلگت بلتستان میں جاری انتخابی سرگر میوں میں حصہ لینے کیلئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو گلگت بلتستان کے طویل22 روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کراچی سے خصوصی طیارے کے ذریعے سکردو پہنچے ، اسکردو ائیرپورٹ پر عوام کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیاگیا ، بلتستان ڈویژن کی اہم سڑکوں کو استقبالیہ بینرز اور جھنڈوں سے سجایا گیا تھا ۔
اس موقع پر استقبال کیلئے آئے جیالوں کا رقص، زبردست نعرے بازی، گل پاشی قابل دید تھی،بلاول بھٹو زرداری نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کے پاس اپنا منشورلے کر آئے ہیں ، گھر گھر الیکشن مہم چلائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری سکردو سے ضلع گانچھے روانہ ہوگئے۔ گانچھے میں خواتین اور بچوں نے ان کا استقبال کیا ، خواتین نے بلاول بھٹو کو مقامی خشک میوہ جات اور سوغات بھی پیش کیں ۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء قمر زمان کائرہ، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، ناصر حسین شاہ اور دیگر مرکزی رہنماء بھی موجود ہیں۔ سکردو ائرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ، سابق وزیر اعلی سید مہدی شاہ اور دیگر نے استقبال کیا۔
، پیپلزپارٹی کے رہنماوں محمد علی اختر، عمران ندیم، محمد جعفر اور دیگر صوبائی قائدین بھی بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔ سکردو ائرپورٹ سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین کو بڑی ریلی میں سکردو شہر لایا گیا۔
بلاول بھٹو کی آمد کے موقع پر جگہ جگہ پر خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین کی آمد کے موقع پر پیپلزپارٹی نے سکردو شہر کو سجایا تھا۔ انہیں مقامی ڈرائی فروٹس بھی پیش کئے گئے، روایتی ٹوپی اور چوغہ بھی پہنایا گیا۔
بلاول بھٹو سکردو پہنچنے کے بعد گانچھے روانہ ہو گئے اور پی پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری انجینئر اسماعیل کے گھر گئے اور ان کے بڑے بھائی حاجی غلام حیدر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی پی دورہ گلگت بلتستان کے دوران جی بی الیکشن میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت کرینگے۔ اس دوران وہ مختلف حلقوں میں جلسوں سے خطاب کرینگے۔
سکردو میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے آئینی حقوق اور عوامی مفادات کا ہر لحاظ سے تحفظ کیا جائے گا۔ کبھی یہاں کے عوام کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔
انھوں نے کہا کہ جی بی کے حقوق پر شب خون مارنے نہیں دوں گا، اب تک اس علاقے کے ساتھ جتنی زیادتیاں ہوئی ہیں ان کا بھرپور ازالہ کیا جائے گا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کی تکمیل کروں گا،ا کبھی بھی یہاں کے عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔
انھوں نے کہا پیپلزپارٹی روزگار دینے والی جماعت ہے، انشاء اللہ اقتدار ملا تو گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار دیں گے، جی بی کے عوام ملک کے بڑے وفادار ہیں، ان کی امنگوں کے عین مطابق ہم کام کریں گے، الیکشن میں پیپلزپارٹی کی کامیابی نظر آ رہی ہے۔
سکردو پہنچتے ہی بلاول بھٹو زرداری نے ائرپورٹ پر پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ سے الیکشن سے متعلق مختلف حلقوں کی پوزیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ لی امجد ایڈووکیٹ نے کہاکہ رواں سال بلتستان کی سات نشستوں پر ہماری جماعت کامیاب ہو سکتی ہے۔
Comments are closed.