سعودی عرب میں، سانحہ کارساز، کے حوالے سے تقریب
ریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی عرب میں پاکستان پیپلزپارٹی ریاض ریجن کی جانب سے سانحہ کارساز کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جیالوں نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا.
مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ پارٹی کے ساتھ منسلک رہ کر جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے.
سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریب میں مہمان خصوصی پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری محمد خالد رانا تھے.
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ سانحہ کارساز ہماری سیاسی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس کے زخم آج بھی تازہ ہیں مگر پیپلزپارٹی کو نا تو دہشت گردی سے اور نا ہی کسی سیاسی سازش سے ختم کیا جاسکتا ہے پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ذوالفقار علی بھٹو بے نظیر بھٹو اور سینکڑوں جیالوں کا خون شامل ہے.
ہمیں ملکر جمہوریت کو مضبوط بنانا ہے پیپلزپارٹی نظریاتی اور عوامی جماعت ہے جمہوریت کے لئے پیپلزپارٹی کے قائدین اور ورکرز کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں اور پی پی پی ہی حقیقی طور پر عوام کی نمائندہ جماعت ہے.
پیپلزپارٹی مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری محمد خالد رانا پیپلزپارٹی سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر یونس ابو غالب اور ریاض کے صدر احسن عباسی نے کہا کہ پیپلزپارٹی پاکستان کی پہلی جمہوری جماعت ہے جو ووٹ کی طاقت پر یقین رکھتے ہوئے پاکستان کے نظام کو جمہور کی امنگوں کے مطابق چلانے کی بات کرتی ہے.
انھوں نے کہا سانحہ کارساز کے ذمے داروں کو اگر بروقت کیفرکردار تک پہنچایا جاتا تو آج محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی عالمی لیڈر سے ہم محروم نا ہوتے، مگر اسکے باوجود ہمارے حوصلے بلند ہیں اور جمہوریت کے لئے پیپلزپارٹی کے جیالے ہر سیاسی جدوجہد کو جاری رکھیں گے.
انھوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری نے جس انداز کے ساتھ گزشتہ ڈھائی سالوں میں پارلیمانی سیاست میں خود کو منوایا ہے اس سے بلاول بھٹو نوجوان طبقے کا اہم لیڈر بن کر ابھرا ہے اور عوام کے مسائل سے آگاہ ہونے کے علاوہ ان کو حل کرنے اور ملک کو اقوام عالم میں بہتر مقام دلانے کی بھرپور اہلیت رکھتا ہے.
موجودہ حکمران جماعت کے پاس عوام کو دینے کے لئے کچھ نہیں ہے عمران خان بطور وزیراعظم نا صرف نااہل ہیں بلکہ عوامی حمایت بھی کھو چکے ہیں آج اپوزیشن جماعتیں عوام کو مسائل میں سے نکالنے کے لئے باہر نکلی ہیں.
تقریب سے قاضی اسحاق میمن، وسیم ساجد، ریاض راتھور، سردار رزاق، عدیل رانا، اعجاز رحیم، صداقت حسین بھرگوش، سردار نصیر، عبدالکریم خان، شریف بلوچ بھٹو اور دیگر نے بھی خطاب کیا.
Comments are closed.