نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، آج دوسرے مرحلہ کا میزبان راولپنڈی
فوٹو : پی سی بی
راولپنڈی (سپورٹس ڈیسک ) ملتان کے بعد نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلہ کی رونقیں آج سے راولپنڈی میں شروع ہو ں گی اب تک کی کارکردگی کی بنیاد پر دفاعی چمپیئن ناردرن پنجاب کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔
قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ملتان میں شیڈول پہلا مرحلہ ناردرن کی برتری کے ساتھ ختم ہوا، خیبرپختونخوا دوسرے، بلوچستان تیسرے، سندھ چوتھے، سینٹرل پنجاب پانچویں اور سدرن پنجاب چھٹے نمبر پر رہی، دوسرا راؤنڈ جمعے کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، اب تک ناقابل تسخیر ناردرن کی قیادت شاداب خان نے سنبھالی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق دفاعی چمپیئن ناردرن پنجاب واحد ٹیم ہوگی جس کو دوسرے مرحلے میں شکست دینے کا چیلنج ہوگا جو پہلے مرحلے میں ناقابل شکست رہی ہے اور اب تک مسلسل 11 میچوں میں فاتح رہی ہے۔
نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اب تک ناردرن پنجاب کی ٹیم نے مسلسل 10 میچوں میں کامیابی حاصل کی اور اس سے قبل ایم سی سی کی ٹیم نے رواں برس کے اوائل میں لاہور میں کھیلے گئے میچ میں اسے شکست دی تھی۔
پہلے مرحلے میں ملتان میں تمام ٹیموں نے 5 میچز کھیلے اور ٹیموں نے مجموعی طور پر 8 مرتبہ 200 یا 200 سے زائد کا مجموعہ ترتیب دیا،
باؤلرز کو بھی بھرپور موقع ملا اور شاہین شاہ آفریدی نے دو مرتبہ 5 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا۔
پوائنٹس ٹیبل پر ناردرن پنجاب کی ٹیم 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر خیبر پختونخوا 8 پوائنٹس کے ساتھ موجود ہے جبکہ 6 پوائنٹس بلوچستان کے ہیں اور تینوں ٹیموں کے لیے سیمی فائنل تک جانے کے امکانات روشن ہیں۔
آج راولپنڈی میں دوسرے مرحلے کا پہلا میچ ناردرن اور سینٹرل پنجاب کے درمیان کھیلا جائے گا اور سینٹرل پنجاب کی قیادت قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابراعظم کریں گے ، دوسرا میچ سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان فلڈ لائٹس میں کھیلا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں انفرادی کارکردگی کے لحاظ سے بیٹنگ میں سینٹرل پنجاب کے عبداللہ شفیق اور باؤلنگ میں خیبرپختونخوا کے شاہین شاہ آفریدی سرفہرست ہیں۔
ٹورنامنٹ میں اب تک صرف ایک میچ میں کامیابی حاصل کرنے والی سینٹرل پنجاب کے 20 سالہ بلے باز نے 5 میچوں میں 236 رنز بنائے ہیں اور اس میں ایک ٹورنامنٹ کی واحد سنچری بھی شامل ہے۔
عبداللہ شفیق فرسٹ کلاس اور ٹی ٹوئنٹی طرز میں اپنے کیریئر کے پہلے میچ میں سنچری بنا کر یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں،پہلے مرحلے میں عبداللہ شفیق کی سنچری کے علاوہ بلوچستان کے امام الحق نے 94، سندھ کے شرجیل خان اور حیدر علی نے 90،90 رنز کی انفرادی اننگز کھیلیں۔
خیبرپختونخوا کے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ 207 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر ہیں، بلوچستان کے امام الحق 192 رنز اور کپتان حارث سہیل 181 رنز بنا کر بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 4 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں، ناردرن پاکستان کے تین باؤلرز حارث رؤف، شاداب خان اور موسیٰ خان بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں۔
Comments are closed.