پسند کی شادی کا نکاح پڑھانے پر نائب مفتی قتل
نوشہرہ(ویب ڈیسک)نوشہرہ میں لڑکی کے بھائی نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا نکاح پڑھوانے پر طیش میں آکر جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے عالم دین کو قتل کر دیا۔
جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مقتول مفتی غلام حسین نے لڑکی کا نکاح پڑھوایا تھا جس پر اس کے والدین اور گھر والے ناراض تھے۔
بات ناراضگی پر ختم نہیں ہوئی بلکہ لڑکی کے بھائی نے دارالافتاء کے نائب مفتی حضرت مولانا مفتی غلام حسین حقانی پر فائرنگ کی، گولیاں لگنے سے وہ شدید زخمی ہوئے اور بعدازاں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلکس میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش ورثا کے حوالےکر دی گئی جبکہ مقتول کے بھائی حزب اللہ حقانی کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین کے مطابق واقعہ میں ملوث ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم نوشاد کے قبضہ سے واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت سول جج/جوڈیشنل مجسٹریٹ نوشہرہ نے ملزم نوشاد ولد شمشاد ساکن عجیب آباد کودو روزہ جسمانی ریمارنڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔
جامعہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے ترجمان عالمگیر حقانی افسوس ناک واقعہ پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بھرپور پور مذمت کی ہے ۔
ترجمان کے مطابق واقعہ کی مکمل تحقیقات اور قانونی مشاورت کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاہم پولیس نے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔
Comments are closed.