ٹرمپ کی سانس لینے میں دشواری کی ویڈیو نے امریکہ میں ہلچل مچا دی
واشنگٹن(نیٹ نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسپتال سے وائٹ ہاؤس منتقل ہوگئے ہیں لیکن کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث انھیں سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہے.
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ میں 2 اکتوبر کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کی تصدیق خود ٹرمپ نے ٹوئٹر کے ذریعے کی تھی۔
صدر ٹرمپ کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں والٹر ریڈ میڈیکل سینٹر منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ تقریباً 4 روز زیر علاج رہے جس کے بعد وہ اپنی مرضی سے وائٹ ہاؤس منتقل ہوگئے۔
ڈاکٹروں کی جانب سے امریکی صدر کو احتیاط کی ہدایت کی گئی تھی لیکن انہوں نے خود کو بہتر قرار دیا اور وائٹ ہاؤس پہنچتے ہی میڈیا سے گفتگو کے لیے ماسک ہی اتار دیا۔
میڈیا سے گفتگو سے قبل صدر ٹرمپ نے جب ماسک اتارا تو انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جسکی وجہ سے وہ کئی سیکنڈ سانس لیتے جدوجہد کرتے دکھائی دئیے جس کے بعد امریکہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔
اس حوالے سے برطانوی اخبار دی گارجین کے ایک صحافی نے صدر ٹرمپ کی ویڈیو اپنی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امریکی صدر کو سانس لینے میں دقت محسوس ہورہی ہے.
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا سانس بھی پھولا ہوا ہے جب کہ وہ اس موقع پر اپنی کھانسی روکنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔
امریکی صدر کی سانس لینے میں دشواری کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جسے دیکھ کر ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں اور خدشہ ہے کہ ان کی انتخابی مہم ادھوری رہ جائے ۔
Comments are closed.