جدہ میں پاکستانی کنو کی نمائش و تشہری مہم
جدہ (ابرار تنولی) پاکستان قونصلیٹ جدہ کی جانب سے پاکستانی کنو کی ایک ہفتے کی تشہیری مہم کا آغازکیا تاکہ اس پھل کو سعودی مارکیٹ میں فروغ دیا جاۓ۔ تشہیری مہم کا افتتاح نائب چیئرمین جدہ چیمبر مازن محمد ابراھیم بترجی اور پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نے مینول سپر سٹور جدہ میں کیا۔
اس موقع پر چیئرمین مینول عبداالله الدرویش اور مینول سپر مارکیٹ کے سی ای او خالد الدرویش بھی موجود تھے. افتتاحی تقریب میں سعودی عرب کے اہم کاروباری افراد ، ڈپلومیٹ، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور مینول سپر مارکیٹ کے گاہکوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مازن بترجی نے قونصلیٹ کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ مختلف النوع پیداواری صلاحیت اور مسابقتی قیمتوں کے باعث پاکستانی پھل اور سبزیاں سعودی عرب میں مقبول ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جدہ چیمبر آف کامرس اور انڈسٹری ایسے تجاویز کی حوصلہ افزائی اور حمایت کرتی جس سے دو طرفہ تجارتی سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔
اس موقع پر مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پاکستان کے قونصل جنرل شہریار اکبر خان نےبتایا کہ یہ ایونٹ سعودی صارفین میں پاکستانی کنو کو متعارف کرانے کے لئے منعقد کیا گیا ہے.
شہریار اکبر خان نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کنو کا چھٹا بڑا پیداواری ملک ہے۔ پاکستان کی پیداواری صلاحیت تقریبا 2 ملین ٹن سالانہ ہے اور ھمارے فارمز عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار کے مطابق پھل تیار کر رہے ہیں.
انہوں نے رومی انٹرپرائز، مینول سپر مارکیٹ اور قونصلیٹ کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے ایک کامیاب تقریب کا انعقاد کرنے پر تقریب کے منتظمین کو سراہا۔
افتتاحی تقریب میں صارفین کی تواضع کے لئے کنو کے علاوہ کنو سے بنے مختلف قسم کےمشروبات اور مٹھائیاں بھی موجود تھیں۔
پاکستانی کنو مینول سپر مارکیٹ کے تمام اسٹورز پر ہفتہ بھر پرومو شنل قیمت پر فروخت کیا جائے گا یہ نمائش 16 سے23 جنوری تک جاری رہے گی۔
Comments are closed.