نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ، ناردرن کا فاتحانہ آغاز،کے پی کے کو شکست
سپورٹس ڈیسک
ملتان: نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں چوکے چھکوں کے ساتھ شاندار آغاز ہو گیا ہے اور افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن ناردرن نے خیبرپختوانخوا کو 79 رنز سے شکست دے دی۔
ٹورنا منٹ کے پہلے میچ میں حیدر علی اور ذیشان ملک کے درمیان 180رنز کی شراکت کی بدولت ناردرن نے خیبرپختونخوا کو 79 رنز سے شکست دے دی۔ 243 کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز پر بناسکی۔
خیبرپختونخوا کے اوپنر فخرزمان 5، کپتان محمد رضوان 17 اور تجربہ کار محمد حفیظ 6 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے،صاحبزادہ فرحان نے 48 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ 6 چوکے اور 2 چھکے لگا کر آؤٹ ہوئے۔
اس دوران شعیب ملک اور افتخار احمد نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی بالترتیب 20 اور 28 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔محمد محسن 14 ، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئے۔وہاب ریاض 8 اور جنید خان بغیر کوئی رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نادرن کی طرف سے موسیٰ خان نے 3، محمد نواز اور سہیل تنویر نے 2،2 جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے پہلے ناردرن نے ٹاس جیت کربیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا24 کے مجموعی اسکور پر اوپنر علی عمران 21 رنزبناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے،حیدر علی نے 48 گیندوں پر 7 چوکوں اور 5 چھکوں کی بدولت 90 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔
اوپنر ذیشان ملک 47 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں کھلاڑیوں کو جنید خان نے آؤٹ کیا،اننگز کے اختتامی لمحات میں آصف علی اور عمر امین بالترتیب 23 اور 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ناردرن کے حیدر علی کو مین آف دی میچ قرار پائے۔
ناردرن کے نوجوان بیٹسمین حیدر علی نے کہا کہ یقینا انہیں ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری مکمل نہ کرنے کا افسوس ہے تاہم خوشی ہے کہ انہوں نے خیبرپختونخوا کی مضبوط اور تجربہ کار باؤلنگ لائن اپ کے خلاف ایک لمبی اننگز کھیلی۔
ذیشان ملک کے ساتھ ریکارڈ پارٹنرشپ پر حیدر علی نے کہا کہ دائیں ہاتھ کے اوپنر نے کریز پر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ علی عمران کے جلد آؤٹ ہونے کے بعدذیشان ملک نے جس اعتماد انداز سے کریز پر بیٹنگ کی وہ قابل ستائش ہے۔
Comments are closed.