لاہور،شوہر کے سامنے خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان گرفتار
ویب ڈیسک
لاہور: لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں ڈکیتی کے دوران خاتون کو شوہر کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں ڈکیتی کے دوران ملزم سجاد اور قاسم نے خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے ڈکیتی کی واردات کے دوران ہی شوہر کے سامنے ہی اس کی بیوی سے زیادتی کی تھی اور واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں بھی کامیاب ہو گئے تھے۔
ملزمان نے متاثرہ میاں بیوی کو جان سے مارنے دکی دھمکیاں بھی دی تھیں تاکہ وہ واردات کے حوالے سے منہ نہ کھولیں اور دھمکیوں سے مرعوب ہو کر خاموشی اختیار کرلیں۔
پولیس نے جیو فینسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزمان کو گرفتار کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروالیا گیا ہے، فرانزک رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے اس واردات سے قبل لاہور میں تھانہ سندر پولیس نے سوشل میڈیا پر لڑکی کو ہراساں اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم ابشام اور اس کے والد عمران کو گرفتار کیا تھا۔
طالبہ نے ریپ اور قتل کی دھمکیاں دینے والے ابشام نامی لڑکے کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کیا تھا، متاثرہ لڑکی کا موقف تھا کہ ابشام 2016 سے تنگ کررہا ہے، مقدمہ درج ہونے کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
شکایت موصول ہونے پر صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہورکو ملزمان کو پکڑنے کی ہدایات دی تھیں۔
Comments are closed.