بلوچستان میں خاتون صحافی کو شوہر نے قتل کیا، پولیس
فوٹو: فائل
تربت(ویب ڈیسک) بلوچستان میں مقامی صحافی و اینکر خاتون شاہینہ شاہین کو نامعلوم افراد نے قتل کردیا، مقتولہ کو تین گولیاں لگیں زخمی حالت میں اسپتال پہنچا یاگیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
پولیس کے مطابق تربت کے ٹی ٹی سی کالونی کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے پی ٹی وی کی مقامی اینکر اور مقامی میگزین کی ایڈیٹر شاہینہ شاہین شدید زخمی ہوئیں۔
قتل کی لرزہ خیز واردات بلوچستان کے ضلع کچ کی تحصیل تربت میں ہوئی،ہسپتال ذرائع کے مطابق نامعلوم شخص نے شاہینہ شاہین کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔
شاہینہ شاہین کو ہسپتال لانے والی گاڑی کے مالک گاڑی چھوڑ کر ہسپتال سے فرار ہو گئے، پولیس نے گاڑی کو قبضہ میں لے لیا، پولیس کے مطابق مقتولہ کو تین گولیاں لگی ہیں۔
شاہینہ شاہین پی ٹی وی پر پروگراموں کی میزبانی بھی کرتی تھیں اور ایک بلوچی میگزین ”دزگہار“(سہیلی) کی مدیر بھی تھیں، وہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں، شاہینہ شاہین آرٹ (مصوری) سے بھی منسلک تھیں۔
پولیس نے کہا کہ ملزمان فائرنگ کے بعد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے، تاہم قتل کی وجوہات ابتدائی طور پر سامنے نہیں آسکیں،انہوں نے کہا کہ خاتون صحافی کو تین گولیاں لگیں جبکہ ان کی میت ان کے گھر منتقل کردی گئی ہے۔
حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ میں ٹی وی اینکر شاہینہ شاہین کے قتل کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) کیچ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کچھ لوگ مقتولہ کی لاش ہسپتال چھوڑ کر چلے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے ماموں امجد رحیم نے لاش وصول کی جبکہ ان کی والدہ تربت پہنچ کر خود قتل کا مقدمہ درج کرنا چاہ رہی ہیں جس میں پولیس ان سے مکمل تعاون کر رہی ہے۔
ادھرایس ایس پی کیچ نجیب پندرانی نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خاتون صحافی کے قتل کی وجہ گھریلو تنازع ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہینہ شاہین نے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد محراب گچکی نامی شخص سے شادی کی تھی، مقتولہ کے اہل خانہ کی درخواست پر محراب گچکی کے خلاف تربت تھانے میں قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پی ٹی سی ایل کالونی میں واقع ایک کوارٹر میں پیش آیا تھا،شاہینہ شاہین کی لاش کو اس کا شوہر ہسپتال پہنچا کر فرار ہوگیا تھا۔ کوارٹر سے پستول کا خول بھی ملا ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
Comments are closed.