پاک انگلینڈ پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث بے نتیجہ ختم
فوٹو: پاکستان کرکٹ
مانچسٹر: پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا، بظاہر میچ پر پاکستان کی گرفت مضبوط تھی جب میچ بغیر نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو تب تک انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.1 اوورز میں 6 وکٹوں پر 131 رنز بنا ئے تھے لیکن خراب موسم نے دونوں ٹیموں کو پھر گرانڈمیں اترنے نہ دیا۔
اولڈ ٹریفورڈ میں سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر میزبان انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور عماد وسیم نے شروع میں ہی وکٹ لے کر عمدہ آغاز کیا تھا، جونی بیئراسٹو اور بینٹن نے اوپننگ کی تاہم جارح مزاج بیئراسٹو کو عماد وسیم نے اپنی ہی گیند پر کیچ لے کر آؤٹ کردیا۔
ڈیوڈ ملان آوٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے، ڈیوڈ ملان کو محمد حفیظ اور شاداب خان نے عمدہ فیلڈنگ کے ذریعے رن آؤٹ کیا انھوں نے 23 رنز بنائے، جس کے بعد انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن بیٹنگ کے لیے آئے اور بینٹن کے ساتھ مل کر اسکور کو 109 رنز تک پہنچایا۔
بینٹن نے 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 71 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، 118 کے اسکور پر مورگن 14 رنز بنا کر افتخار احمد کو وکٹ دے گئے،
محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھا پہلے شاداب کی گیند پرمعین علی کا زبردست کیچ پکڑا اور پھر گریگوری کو اسٹمپ آؤٹ کردیا اور انگلینڈ 123 رنز پر 6 وکٹوں سے محروم ہوگیا۔
معین علی کو شاداب خان نے آؤٹ کرکے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں وکٹوں کی نصف سنچری بھی مکمل کی،انگلینڈ نے 17 ویں اوور کی پہلی گیند پر 6 وکٹوں پر 131 رنز بنا ئے تھے کہ بارش کے باعث کھیل روکنا پڑا جو بعد میں شروع نہیں ہوسکا۔
میچ زیادہ دیر رکنے کے باعث ڈک لیوس سسٹم کے تحت پاکستان کو جیت کے لیے 5 اوورز میں 56 رنز کا ہدف دیا گیا لیکن بارش کے باعث دوبارہ کھیل ممکن نہ ہوسکا اور امپائرز نے میچ بغیر نتیجہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم اور شاداب خان نے 2،2 اور افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی جب کہ ایک کھلاڑی رن آوٹ ہوا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 30اگست اتوار کو یعنی کل کھیلا جائے گا، بقیہ دونوں میچز بھی مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 5 میچ کھیلے جاچکے ہیں، جن میں 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ میں کامیابی ملی اور ایک برابر ہوا تھا۔
پاکستانی اسکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، افتخار احمد، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی، حارث روف۔
انگلینڈ اسکواڈ: جونی بیرسٹو (وکٹ کیپر)، ٹام بینٹن، ڈیوڈ میلان، ایون مورگن (کپتان)، سیم بلنگز، معین علی، لوئس گریگری، ٹام کرین، عادل رشید، کرس جورڈن، ثاقب محمود کو شامل کیاگیا۔
Comments are closed.