دانیش کنیریا کا شاہد آفریدی پر کیئریر تباہ کرنے کا الزام
سپورٹس ڈیسک
کراچی:سابق ٹیسٹ کرکٹر اور اسٹار لیگ سپنر دانیش کنیریا نے شاہد آفریدی پر الزام لگا یا ہے کہ انھوں نے میری کرکٹ تبا ہ کردی وہ ہمیشہ میرے مخالف رہے۔
دانیش کنیریا نے ایک بھارتی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کے سوال پر سابق لیگ اسپنر نے کہا کہ ایک ہی ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کھیلتے ہوئے اور ون ڈے کرکٹ میں بھی سابق کپتان نے ہمیشہ ہی میری مخالفت کی۔
سابق لیگ سپنر کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کی وجہ سے ہی ون ڈے کیریئر میں صلاحیتوں کے اظہار سے محروم رہا اور محدود اوورز کی کرکٹ میں کیریئر ہی ختم ہوگیا، اگر کسی شخص کا ہمیشہ ہی اسی طرح کا رویہ ہو تو اس(مذہب) کے سوا اور کیا وجہ ہوسکتی ہے۔
یاد رہے دانش کنیریا کا کریئر سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی زد میں آ کر ختم ہوا۔ ان کے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ نے ان پر مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کے لیے ساتھی کرکٹرز کو ترغیب دینے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔
شاہد آفریدی پر کیئر یر ختم کرنے کا الزام لگانے والے دانش کنیریا چھ سال تک سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے تھے تاہم گذشتہ سال اکتوبر میں انھوں نے الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سپاٹ فکسنگ کے لیے ساتھی کرکٹرز کو پیشکشیں دینے کا اعتراف کر لیا تھا۔
دانیش کنیریا مختلف انٹریوز میں متعصب رویہ کی خود نفی کرتے رہے ہیں اورساتھی کھلاڑیوں کے اچھے رویہ کی بھی تعریف کرتے رہے تاہم کبھی کبھی وہ توجہ حاصل کرنے کیلئے ایسے بیان داغ دیتے ہیں تاکہ وہ خبروں میں زندہ رہیں۔
واضح رہے کہ دانش کنیریا نے 61 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 261 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولرز میں وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔
Comments are closed.