وسیم اکرم کا کردار مشکوک، پی سی بی سے الگ کیا جائے،عامر سہیل
فوٹو: فائل
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک )سابق کپتا ن اور جارح مزاج اوپننگ بیٹسمین عامر سہیل نے وسیم اکرم کو پاکستان کرکٹ بورڈ سے الگ کرکے احتساب کرنے کا مطالبہ کردیا۔
عامر سہیل نے ایک ٹی وی انٹر ویو میں انکشاف کیا ہے کہ 1996کے ورلڈ کپ میں سابق فاسٹ باولر وسیم اکرم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان 1992ء کے بعد ٹرافی نہ جیت سکے۔
انھوں نے کہا کہ وسیم اکرم کا پاکستان کرکٹ میں کردار ورلڈ کپ کے تناظر میں حیران کن نوعیت کا ہے،انھوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ پاکستان 1992ء کے بعد ورلڈ کپ ٹرافی نہ جیتے اور ان کا1992کا کریڈٹ برقرار رہے۔
عامر سہیل نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف ورلڈکپ1996 کوارٹر فائنل میں ٹاس سے صرف 5 منٹ پہلے مجھے بتایا گیا کہ قیادت کرنی ہے،البتہ وسیم اکرم کے نہ کھیلنے کے بارے میں مجھے دوست پہلے ہی آگاہ کر چکے تھے۔
وزیر اعظم عمران خان نے انھیں صدارتی ایوارڈ سے نواز کر جو کام کیا وہ قابل تحسین نہیں،وہ احتساب کی بات کرتے ہیں تو سب سے پہلے وسیم اکرم کو پی سی بی سے علیحدہ کریں۔
واضح رہے گزشتہ کچھ ہفتوں سے وسیم اکرم کے حوالے سے فیکسنگ ، جسٹس قیوم کی رپورٹ اوروسیم اکرم کے بنگلور میں اچانک میچ نہ کھیلنے پر تنقید کی جارہی ہے خاص کر سلیم ملک نے واپسی کی خواہش کرتے ہوئے کہا تھا باقی بچ گئے مجھے الگ کردیا گیا۔
Comments are closed.