پاکستان کی تجویز پر بھارت کرتار پور سرحد کھولنے پر آمادہ
نئی دہلی(نیٹ نیوز)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی کابینہ نے پاکستان کی تجویز مانتے ہوئے کرتارپور سرحد کھولنے کی منظوری دے دی۔
بھارتی کابینہ نے وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت اجلاس میں کرتار پور منصوبے کی منظوری دی جس کے تحت بھارت پاکستان کی سرحد تک اپنی حدود میں سکھ یاتریوں کے لیے سڑک تعمیر کرے گا۔
اجلاس کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راہداری منصوبہ 3 سے 4 کلو میٹر پر مشتمل ہے جس سے سکھ یاتری سال بھر باآسانی ننکانہ صاحب جاسکیں گے۔
اس حوالے سے بھارتی وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے کہا کہ بھارتی حکومت بھارتی پنجاب کے ضلع گرداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے پاکستان کی سرحد تک راہداری تعمیر کرے گی۔
ارون جیٹلی نے کہا کہ بھارتی ریلوے اس سلسلے میں ایک ٹرین چلائے گی جو گرونانک سے وابستہ مقدس مقامات سے گزرے گی۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے مودی سرکار کو باور کرایا گیا تھا کہ پاکستان کرتارپور سرحد کھولنے پر راضی ہے اور اس کا انحصار بھارتی رویے پر ہے۔
ادھرسفارتی ذرائع کے مطابق کرتار پور سرحد کھولنے کے حوالے سے پاک بھارت سفارتی رابطے بھی شروع ہوگئے، بھارتی دفتر خارجہ کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کو نئی دہلی میں اس حوالے سے خط بھی لکھا ہے۔
Comments are closed.