موت کا سامان بیچنے والا امریکہ اب دنیا کو زندگی بچانے کے آلات دے گا
ویب ڈیسک
واشنگٹن: دنیا بھر میں انسانوں کو مارنے والے جدید ترین ہتھیار بیچنے والا ملک امریکہ اب مختلف ممالک کو زندگی بچانے والے آلات برآمد کرے گا، وینٹی لیٹرز لینے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان بھی شامل ہے.
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان نے ان سے کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے وینٹی لیٹرز بھیجنے کی درخواست کی ہے جس پر وہ رضامند ہوگئے ہیں۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی دنیا کے متعدد رہنماؤں سے گفتگو ہوئی جنہیں وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت ہے اور میں نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ واشنگٹن ان کی ضرورت پوری کرنے میں مدد کرے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان سے بات ہوئی وہ کچھ وینٹی لیٹرز حاصل کرنا چاہتے ہیں، ہم انہیں کچھ وینٹی لیٹرز دینے جارہے ہیں، یاد رہے دو دن قبل عمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ میں وائرس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا.
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ان کی جتنے رہنماؤں سے بات ہوئی انہوں نے مجھ سے ایک بات کی کہ آپ وینٹی لیٹرز کا مسئلہ حل کریں کیوں کہ یہ ایک بڑا مسئلہ ہے، 2 ماہ قبل جب کورونا وائرس کی وبا پھیلی تو خود امریکا کے پاس بڑھتی ہوئی طلب کے حساب سے کافی وینٹی لیٹرز نہیں تھے۔
امریکا کی 50 ریاستوں میں زیادہ تر کے گورنروں نے غیر ملکی مینوفیکچررز سے سانس لینے میں مدد فراہم کرنے والی یہ مشینز درآمد کیں.
بریفنگ میں امریکی صدر نے بتایا کہ اب ہم لاکھوں وینٹی لیٹرز بنا رہے ہیں اور 500 میکسکو، مزید 500 فرانس کو بھیج رہے ہیں ساتھ ہی ہم کچھ اسپین اور کچھ وینٹی لیٹرز اٹلی کو بھیجیں گے.
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے بعد ان ممالک میں پاکستان کا بھی نام لیا کہ جو وینٹی لیٹرز حاصل کریں گے لیکن یہ نہیں بتایا کہ کب اور کتنے وینٹی لیٹرز دیے جائیں گے، یہ بھی وضاحت نہیں کی امریکی معاونت ہوگی یا پاکستان خریدے گا۔
Comments are closed.