سعودی عرب سے 226پاکستانی عمرہ زائرین کی ایک اور پرواز ملتان روانہ

فوٹو : پاکستانی سفارتخانہ

جدہ(زمینی حقائق ڈاٹ کام) کورونا وائرس پابندیوں کے باعث سعودی عرب میں پھنسے226 پاکستانی عمرہ زائرین کو لے کر سعودی  ایئرلائن کی خصوصی پرواز ایس وی 3800، جدہ سے ملتان  کے لئے روانہ ہوئی۔

یہ عمرہ زائرین کو پاکستان پہنچانے والی دوسری پرواز ہے۔ جو آج صبح  9:30 بجے روانہ ہوئی تھی اور ملتان پہنچ گئی ہے، پہلی پرواز 15اپریل کو 254مسافروں کو لیکر لاہور گئی تھی۔
 
جدہ میں پاکستان کے  قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو  نے عازمین کو جدہ  ائرپورٹ سے  رخصت کیا۔حجاج کرام نے خصوصی پروازوں کے ذریعے پاکستان واپسی کا انتظام کرنے پر سعودی حکومت کا  شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے بین الاقوامی پروازوں کی بندش کی وجہ سے سعودی عرب کے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے ان کے بورڈنگ ، قیام اور میڈیکل امداد کے لئے کئے گئے عمدہ انتظامات کی بھی تعریف کی۔

تقریبا 470 پاکستانی عمرہ زائرین بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے سعودی عرب میں رہ گئے تھے اور جنکو سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے ذریعے پاکستان پہنچایا گیا۔

ذرائع کے مطابق پہنچنے والے ان عمرہ زائرین کو 10 دن قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس دوران سعودی عرب سے آنے والے ان پاکستانیوں کے کورونا ٹیسٹ بھی لئیے جائیں گے.

Comments are closed.