محمد عامر کا ایک بار پھر پاکستان کیلئے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے انکار
فوٹو : فائل
اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک)اسپاٹ فکسنگ پر ٹیم سے آوٹ ہونے اور پاکستان کیلئے مزید 10 سال کھیلنے کی امید پر قومی ٹیم میں واپس آنے والے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے حوالے سے محمد عامر کا کہنا تھا کہ پابندی کے پانچ سال تک بالکل کرکٹ نہیں کھیلی اور پھر تینوں فارمیٹ کے میچز کھیلے، اتنی کرکٹ سے میری باڈی پر پریشر تھا اور میں تھک جاتا تھا۔
انھوں نے کہا کہ اگر مجھے اگلے چھ سال مزید کرکٹ کھیلنی ہے تو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنی ہی تھی، عامر نے کہا نسیم شاہ کو نوجوان قومی فاسٹ باؤلرز میں سب سے بہتر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لینتھ انہیں دوسرے پیسرز سے ممتاز کرتی ہے ۔
سابق قومی کپتان وسیم اکرم سے گفتگو میں محمد عامر نے کہا نسیم شاہ کی رفتار تو دوسرے فاسٹ باؤلرز جیسی ہے لیکن وہ اپنی عمدہ لینتھ کی وجہ سے دیگر کے مقابلے میں جلد ابھر کر سامنے آئے کیونکہ وہ گیند آگے کرتے ہیں لہٰذا ان کی لینتھ رفتار کے لحاظ سے موزوں رہتی ہے ۔
محمد عامر نے کہامحمد حسنین نے بھی حالیہ عرصے میں عمدہ کارکردگی پیش کی لیکن انہیں ابھی کچھ وقت مزید چاہئے جب کہ انہیں اپنی ویری ایشن پر بھی کام کرنے کی ضرورت ہے ۔یہ بھی کہا کہ وہ کسی پاکستانی فاسٹ باؤلر کے بجائے آل راؤنڈر عماد وسیم سے زیادہ قریب ہیں.
واضح رہے کہ باولنگ کوچ وقار یونس اورسابق کپتان وکمنٹیٹر رمیز راجا نے بھی دونوں کھلاڑیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت قومی ٹیم کو ان کی ضرورت تھی تو انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا۔
قومی ٹیم میں ان دنوں محمد عامر اور وہاب ریاض کی جگہ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور محمد عباس فاسٹ باؤلر کے فرائض انجام دے رہے ہیں.
وقار یونس نے چند ماہ قبل محمد عامر اور وہاب ریاض کے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جس کی واپسی کےلیے کرکٹ بورڈ سمیت سب نے کوششیں کیں اس نے جب ملک کو اس کی ضرورت تھی ریٹائرمنٹ لے لی.
Comments are closed.