آئی ایم ایف سے آج 1ارب،40کروڑ ڈالر منظور کر دے گا، مشیر خزانہ


فوٹو: فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈا ٹ کام )مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئی ایم ایف آج پاکستان کے لیے ایک ارب 40 کروڑ ڈالر ڈالر منظور کر دے گا۔

یہ رقم پاکستان کو کورونا کے خلاف اقدام میں بڑی مدد کرے گی،انہوں نے بتایا کہ عوام کے لیے ریلیف کے اقدامات بھرپور انداز سے کر رہے ہیں، ریلیف اقدامات کے لیے فنڈز بروقت فراہم کر رہے ہیں۔

مشیر خزانہ نے کہا کہ کورونا سے نقصانات ضرور ہیں لیکن اللہ سے بہتری کی امید ہے، تعمیراتی شعبے کے ریلیف کے لیے آرڈیننس آج منظور ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان سمیت 70ممالک کو کورونا وائر س کے باعث درپیش مالی مشکلات کے پیش نظرقرضوں کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج ہو رہا ہے، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ پاکستان کو ایک سال کیلئے ریلیف دے دیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے ایجنڈے پر پاکستان کی درخواست موجود ہے جو تقریباً تین ہفتے قبل دی گئی تھی ،پاکستان کو قرض ملنے کے علاوہ قرض کی اقساط میں ریلیف بھی ملنے کا امکان ہے۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں پہلے سے دیئے گئے قرض کی اقساط میں تاخیر سے متعلق فیصلے بھی کیے جائیں گے بعد میں
رکن ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے قرض کی منظوری دی جائے گی۔

اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دیدی تو یہ رقم فوری طور پر جاری کی جائے گی پاکستان کی درخواست پہلے سے وہاں موجود ہے۔

جیو نیوز نے ذرائع سے خبر دی ہے کہ یہ رقم پہلے سے جاری قرض پروگرام کے علاوہ ہوگی، کورونا سے متعلق ملنے والے قرض کے ساتھ کسی قسم کی شرائط نہیں رکھی جائیں گی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کو ریلیف مل گیا ہے اور یہ ایک سال کیلئے دیا گیاہے۔

Comments are closed.