جاوید شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتارکیا جائے، دردانہ صدیقی
اسلام آباد (ویب ڈیسک )جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے سرجانی ٹاؤن کراچی میں شرپسندوں کی فائرنگ سے الخدمت کے رضاکار جاوید کے قتل اور دیگر کارکنان کے شدید زخمی ہونے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے دعا کی اللہ رب العزت جاوید کو شہادت کے بلند مرتبے سے سرفراز فرمائے اور زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت یابی سے ہمکنار کرے۔
اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار لاک ڈاؤن کے روز اوّل سے انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ راشن کے تقسیم اور مستحقین کی امداد کا کام کررہے ہیں جو شرپسند عناصر سے ہضم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے میں انتظامیہ کے غفلت اور کوتاہی عیاں ہے، بڑی مشکلوں سے کراچی شہر میں امن قائم ہوا ہے، جماعت اسلامی کسی قیمت پر اسے پھر سے برباد نہیں ہونے دے گی۔
جماعت اسلامی کی رہنما دردانہ صدیقی نے مطالبہ کیا کہ جاوید شہید کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔
Comments are closed.