پنجاب حکومت نے چین کیطرح 9 دنوں میں 1000بستر کا اسپتال بنا لیا
فوٹو : پنجاب گورنمنٹ ٹوئٹر اکائونٹ
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)پنجاب حکومت نے چین کی طرح صرف 9 دنوں میں 1000 بستروں کا عارضی اسپتال بنا کر سب کو حیران کردیا.
یہ فیلڈ اسپتال لاہور کے ایکسپو سینٹر میں قائم کیا گیا ہے جو کہ ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہے جس میں آئی سی یو سمیت دیگر تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی یہ شہری آبادی سے دور ہے اور کورونا وائرس کے مریضوں کو یہاں لایا جائے گا۔
میو ہسپتال لاہور کے چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر اسد اسلم خان کو ایکسپو سینٹر ہسپتال کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے اس ہسپتال کو مریضوں کے لیے 3 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
اسپتال کے پہلے اور دوسرے حصے میں وائرس سے کم متاثر ہونے والے افراد جبکہ تیسرے میں زیادہ متاثر ہونے والے مریضوں کا رکھا جائے گا ہسپتال کے قیام کا مقصد مریضوں کو الگ تھلگ رکھ کر محفوظ ماحول میں ان کے علاج کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گزشتہ روز اس فیلڈ ہسپتال کو آپریشنل کیا اور اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں تمام سہولیات موجود ہیں جبکہ مریضوں کو 3 وقت کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ووہان میں 23 جنوری سے 2 فروری کے دوران ایک ہزارا بستروں کے ہسپتال ہوشینشان ہاسپٹل کی تعمیر کرکے دنیا کو حیران کیا گیا تھا۔
کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کے کیسز کی تعداد پاکستان میں بھی بڑھ رہی ہے اور صوبوں کی طرح وفاقی حکومت بھی اس سے نمٹنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے.
Comments are closed.