کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگ کو، اسلام آباد یونائیٹڈ نے قلندر کو ہرا دیا
فوٹو : پی ایس ایل
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل فائیو کے چھٹے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگ کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا جبکہ ساتویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سےشکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بنائے تھے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے دونوں اوپنرز شین واٹسن اور جیسن روئے رن آؤٹ ہوگئے، واٹسن 27 اور روئے 17 رنز بناسکے ۔
احمد شہزاد 11 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کپتان سرفراز احمد نے اعظم خان اچھا کھیل رہے تھے لیکن اعظم خان بھی رن آؤٹ ہوگئے ، وہ 30 گیندوں پر 46 رنز کر آؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔ کپتان سرفراز احمد 37 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور محمد رضوان کی جگہ ایلکس ہیلز کو شامل کیا گیا ہے جب کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں میں احسان علی کی جگہ انور علی اور فواد احمد کی جگہ نسیم شاہ کو پلینگ الیون میں شامل کیا گیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شرجیل صرف 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، بابراعظم 26 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے جب کہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے الیکس ہیلز 29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے.
کیمرون ڈیلپورٹ 22 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد پویلین واپس لوٹے تاہم چاڈوک والٹن ایک رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے، کپتان عماد وسیم بھی 8 رنز ہی بناسکے، کرس جورڈن نے 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ افتخار احمد نے 25 رنز بنائے ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 3، ٹائمل ملز نے 2 جب کہ سہیل خان اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.
لاہور میں ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے کرس لین اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا۔ کرس لین 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور فخرزمان 33 رنز بناکر چلتے بنے۔
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر صرف ایک رنز جبکہ وکٹ کیپر بیٹسمین ڈین ولاس بھی صرف 3 رنز ہی بناسکے تاہم محمد حفیظ نے زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا تاہم وہ 2 رنز کی کمی سے سنچری نہ بنا سکے اور 98 پر ناٹ آؤٹ رہے.
سمت پٹیل حفیظ کے ساتھ مل کر 51 رنز کی شراکت قائم کرنے کے بعد پٹیل صرف 10 رنز پر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ویزے نے 8 گیندوں پر 19 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ محمد حفیظ 98 رنز ناٹ آؤٹ رہےاور قلندرز نے یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 2، احمد عبداللہ، محمد موسی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ ہدف کی جانب رواں دواں رہی تاہم لاہور نے اچھی بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پے در پے اسلام آباد کے 9 کھلاڑی آؤٹ کردیے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 183 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر محض ایک گیند قبل حاصل کیا۔
پہلے چوتھے نمبر پر آنے والے کپتان شاداب خان نے دھواں دھار نصف سنچری بنائی جبکہ میچ کے آخری لمحات میں محمد موسیٰ نے ہارا ہوا میچ جتوا دیا، مین آف دی میچ شاداب خان قرار پائے ۔
لاہور قلندرز کی پی ایس ایل میں یہ مسلسل آٹھویں شکست ہے، قلندرز کو گزشتہ پی ایس ایل میں مسلسل 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور اب وہ اس سیزن میں اپنے پہلے دو میچز ہار چکی ہے.
Comments are closed.