آج کراچی کنگز، پشاور زلمی اور لاہور قلندرز، ملتان سلطان مد مقابل ہوں گے
فوٹو: پی سی بی
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)آج پاکستان سپر لیگ فائیو میں پہلا مقابلہ کراچی کنگز اور پشاور زلمی جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطان مد مقابل ہوں گے۔
پہلا میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا،کراچی کنگز کی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ حاصل ہو گا تاہم کراچی کنگز اب تک پی ایس ایل کا کوئی ٹائٹل نہیں جیت سکی جبکہ پشاور زلمی پی ایس ایل 2 کی فاتح ہے۔
آج کا دوسرا میچ لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان رات 8 بجے کھیلا جائے گا،قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں قلندرز کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا تاہم ملتان کی ٹیم بھی جیت کے لیے پرجوش ہے۔
گزشتہ روز افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےاسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے ہرا دیا تھا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کراسلام آباد یونائٹیڈ کے کپتان شاداب خان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 19.1 اوورز میں 168 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ ڈیوڈ ملان 64 رنز بناکر نمایاں رہے،کوئٹہ کی جانب سے محمد حسنین نے 4 اور بین کٹنگ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ نے شروع میں اہم وکٹیں گنوانے کے باوجود نوجوان اعظم خان کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 7 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
کوئٹہ کے کوچ معین خان کے صاحبزادے اعظم خان نے 33 گیندوں 59 رنز کی اننگز کھیلی اور فتح میں کلیدی کردار ادا کیا تاہم مین آف دی میچ کا ایوارڈ 4 وکٹیں لینے والے حسنین کے حصے میں آیا.
دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انفرادی پرفارمنس اچھی ہوگی تو آگے بھی چیزیں بہتر ہو سکتی ہیں، پی ایس ایل فائیو سے دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا امیج جائے گا۔
Comments are closed.