سعودی عرب میں غیراخلاقی لباس پہننے پر 96 لڑکیاں گرفتار
ویب ڈیسک
فوٹو : عرب نیوز
ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پولیس نے غیر اخلاقی لباس پہننے اورنامناسب سرگرمیوں پر 96 لڑکیوں سمیت 222 لڑکے گرفتارکر لیے ہیں ۔
اس حوالے سےاخبار 24 اور مز مز کا حوالہ دیتے ہوئے اردو نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ گرفتاریاں ایک مہینے میں کی گئی ہیں، ریاض پولیس کے ترجمان کے حوالے سے بتایا کہ پبلک مقامات پر غیر اخلاقی لباس میں گھومنے والی لڑکیوں اور لڑکوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے تمام شہروں خصوصاً دارالحکومت ریاض، جدہ، دمام ، الخبر اور تبوک وغیرہ میں سماجی تہذیب اور ملکی اقدار و روایات کی پابندی سختی سے کرائی جارہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماضی میں یہ کام ادارہ امر بالمعروف و نہی عن المنکر (بھلائی کی تلقین اور برائی سے روکنے والا ادارہ) انجام دیا کرتا تھا۔ نئے نظام کے تحت یہ کام پولیس کے سپرد کردیا گیا ہے۔ پولیس اس سلسلے میں موثر کردار ادا کر رہی ہے۔
سعودی کابینہ کی جانب سے اخلاق عامہ کے حوالے سے قرار داد منظور کی گئی ہےجس میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پر غیر مناسب لباس جس پر غیر اخلاقی عبارت یا تصویر بنی ہو سختی سے منع ہے۔
قرار داد میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ خلا ف ورزی کرنے والے اخلاق عامہ قانون کے دائرے میں آئیں گے جن پر پانچ ہزار ریال تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
Comments are closed.