پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج کھیلا جائے گا

فوٹو : پاکستان کرکٹ بورڈ

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا.

پاکستان ٹیم کو ورلڈ رینکنگ میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے سیریز میں کلین سوئپ کرنے کا چیلینج درپیش ہے، ایک میچ میں بھی شکست سے قومی ٹیم پہلی پوزیشن قائم نہیں رہےگی۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1220317305328095232

اسی لیے گزشتہ روز پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کے خلاف سیریز میں فوکس ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنے پر ہو گا۔

بابر اعظم نے کہا کہ بنگلا دیش ٹیم کو پاکستان میں ویلکم کرتے ہیں، بنگلا دیش ایک اچھی ٹیم ہے جس میں سینئر اور جونئیر کھلاڑی شامل ہیں، کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا۔

بابر اعظم نے کہا کہ یہ پریشر نہیں کہ یہاں سری لنکا کے خلاف اچھا نہیں کھیلے تھے، وہ سیریز گزر گئی اب اس سیریز پر توجہ ہے، اپنی پوری قوت کے ساتھ کھیلیں گے۔

کپتان نے کہا کہ موسم کی وجہ سے وکٹ سلو ہو سکتی ہے لہذا اسی کے مطابق کمبی نیشن بنائیں گے، لگتا ہے دھوپ نکلنے سے فائدہ ہو گا، اس وکٹ پر 180سے 190 کے درمیان رنز بننے چاہئیں۔

بابر اعظم نے کہاکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک اس وقت ٹیم کا حصہ تھے جب پاکستان ٹیم نمبر ون بنی تو میں نے سوچا ان کو دوبارہ ٹیم میں ہونا چاہئیے، شاہین شاہ آفریدی اچھی بالنگ کر رہے ہیں.

حارث رؤف بھی بی بی ایل میں اچھی بالنگ کر کے آئے ہیں، امید تو ہے کہ احسان علی اور حارث روف ڈبیو کریں گے لیکن ٹیم کے حوالے سے ایک بار پھر بیٹھیں گے تو فائنل الیون پر مشاورت ہو گی۔

بنگلا دیش کپتان محمد اللہ ریاض نے کہا ہماری تمام توجہ اچھی کرکٹ کھیلنے پر ہے یہاں سکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں ہے انھوں نے کہا ہماری پوری کوشش ہو گی کہ جیت کیلئے کھیلیں.

قذافی سٹیڈیم میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ دن 2 بجے شروع ہوگا، موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے، دوسرا ٹی ٹوئنٹی ہفتہ اور تیسرا پیر کو کھیلا جائے گا.

Comments are closed.