سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کی سائیکل ریس، ایک ہزار خواتین کی شرکت
فوٹو : عرب نیوز
الریاض(زمینی حقائق ڈاٹ کام)سعودی عرب میں تاریخ میں پہلی بار خواتین کی سائیکلنگ ریس کا اہتمام کیا گیامختلف شہروں میں ہونے والی ریس میں ایک ہزار خواتین سائیکلسٹ نے حصہ لیااور خوب انجوائے کیا ۔
سعودی عرب کے شہروں جدہ، ریاض اور الخوبر میں ہونے والی سائیکلنگ ریس میں ملک بھر سےایک ہزار خواتین سائیکلسٹ شریک ہوئیں ۔
سعودی عرب کی اس پہلی سائیکلنگ ریس کی فاتح نادیہ شوکدی قرارپائیں، سعودی حکام نےان مقابلے کو صحت اور خوشحالی کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا ہے۔
سعودی اسپورٹس فیڈریشن کے مطابق سعودی عرب میں سائیکلنگ کو تیزی سے فروغ حاصل ہورہا ہے اور بڑی تعداد میں سعودی خواتین سائیکل چلانے میں دلچسپی لے رہی ہیں۔
اس حوالے سے عرب نیو ز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وژن 2030 میں آئندہ 10 سالوں میں جسمانی سرگرمیوں میں 40 فیصد اضافے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
واضح رہے حالیہ کچھ عرصہ کے دوران سعودی عرب کی حکومت نے ملک میں معاشی اور سماجی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں جن میں خواتین کو بہت سے شعبوں میں با اختیار بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
ان اصلاحات میں خواتین کے ڈرائیونگ کرنے پر عائد پابندی کے خاتمے سمیت سعودی خواتین کو مرد سرپرست کے بغیر بیرون ملک سفر کی اجازت دینا شامل ہے۔
سعودی عرب کی تاریخ میں پہلی بار کسی خاتون کو سفیر بھی تعینات کیا گیا جب کہ خواتین سیاحوں کے لیے عبایا لینے کی لازمی شرط بھی ختم کردی گئی.
ایک سال پہلے سعودی عرب میں ہونے والی فارمولا کار ریس میں پہلی بار خاتون ڈرائیور نے شرکت کرکے تاریخ رقم کی تھی،اسی طرح سیاحت کے فروغ کیلئے ہوٹلز میں سیاح جوڑوں کو ایک کمرے میں رہنے کی اجازت بھی شامل ہے.
Comments are closed.