یمن ، دوران پریڈ دھماکہ،5فوجی جاں بحق، متعدد زخمی


فوٹو: رائٹرز

صنعا(ویب ڈیسک) یمن میں فوجی پریڈ کے دوران دھماکہ ہو گیا ، 5فوجی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے، یمن کی سکیورٹی بیلٹ فورس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

یہ واقعہ جنوبی شہر ال دہلیہ میں پیش آیا ، سکیورٹی بیلٹ فورسز جنوبی یمن علیحدگی پسندوں کے محاذ کا حصہ ہیں اور حوثی باغیوں کے خلاف جنگ میں انھیں متحدہ عرب امارات کی تائید حاصل ہے۔

خلیجی ادارے العربیہ کے مطابق دھماکا حوثی باغیوں کے میزائل سے ہوا اور دھماکے کی جگہ سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے تین اراکین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ذرائع نے افراد کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکا پریڈ کے دوران مہمانوں کے اسٹیج کے پاس ہوا جس کے نتیجے میں کئی افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے مشترکہ اتحاد نے سال 2015 میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے خلاف جنگ کا آغاز کیا تھا۔

اس تنازع نے اس وقت جنم لیا تھا جب 2014 میں حوثی باغیوں نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ صدر عبدالرب منصور ہادی کی حکومت کو برطرف کردیا تھا

ااس کے بعد منصور ہادی کی حکومت کی بحالی کے لیے سعودی عرب اور متحدہ عرب کی زیر قیادت فوجی قیادت نے حوثیوں کے خلاف جنگ کا آغاز کردیا تھا۔

سعودی اتحاد نے حوثی باغیوں کو ہتھیاروں کی اسمگلنگ سے روکنے کے لے یمن میں درآمدات پر سنگین پابندیاں عائد کی ہیں لیکن اس وجہ سے ملک میں کمرشل سامان اور امداد کی ترسیل بھی سست روی کا شکار ہے۔

2 کروڑ 80 لاکھ نفوس پر مشتمل یمنی آبادی جنگ کے باعث بدترین انسانی بحران کا شکار ہے ، جہاں 84 لاکھ افراد بھوک اور غذائی قلت کا شکار ہیں جبکہ 2 کروڑ 20 لاکھ افراد امداد پر انحصار کرتے ہیں۔

Comments are closed.