کراچی ٹیسٹ، پاکستان کی فتح میں 3 وکٹیں حائل، 212 پر 7 لنکن آوٹ
کراچی (زمینی حقائق ڈاٹ کام) کراچی ٹیسٹ میں پاکستان فتح کے قریب پہنچ گیا، چو تھے دن کھیل ختم ہوا تو سری لنکا کی 7 وکٹیں 212 پر گر چکی تھیں ابھی مزید 264 رنز باقی ہیں.
پاکستان کی طرف سے 3 وکٹیں نسیم شاہ جبکہ شاہین شاہ آفریدی، یاسر شاہ اور حارث سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے، کل صبح سری لنکا کو 264 رنز اور پاکستان کو فتح کےلیے 3 وکٹیں درکار ہیں.
اس سےقبل پاکستان نے کھانے کے وقفہ پر 555 رنز تین آوٹ پر اننگ ڈیکلیئر کرکے مہمان ٹیم کو جیتنے کے لئے 476 رنز کا ہدف دیا تھا.
عابد علی اورشان مسعود کے بعد بابراعظم نے بھی سنچری جڑ دی،پاکستان نے چوتھے دن کھانے کے وقفہ تک 3 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنا کر لیڈ 475 تک پہنچا دی.
کپتان اظہر علی سمیت تینوں سنچریوں کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 555 رنز بنالیے ہیں.
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو قومی ٹیم نے 385 رنز سے اپنی دوسری اننگز کو آگے بڑھایا جبکہ کپتان اظہر علی 57 اور بابر اعظم 22 رنز بنا کر کریز پر موجود تھے۔
دوسری اننگز کے دوران کپتان اظہر علی فارم میں نظر آئے، گراونڈ کے چاروں اطراف بھر پور شارٹس کھیلتے رہےاور 118 رنز بنا کر لاستھ ایمبولڈینیا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
تیسرے روز عابد علی اور شان مسعود کی شان دار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں پر 385 رنز بنا کر 315 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔
شان مسعود 135 رنز بناکر کمارا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے اپنے کیریئر کی دوسری سنچری بنائی جبکہ دوسرے اینڈ سے اوپنر عابد علی نے بھی مسلسل دوسرے ٹیسٹ میں دوسری سنچری مکمل کرکے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
یاد رہے کہ عابد علی اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں سنچری بنا کر ٹیسٹ اور ون ڈے ڈیبیو پر سنچری بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے تھے تاہم اب وہ لگاتار دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی سنچری بناکر منفرد ریکارڈ بنانے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔
پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز عابد علی اور شان مسعود نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا اور دوسرے روز کا اختتام قومی ٹیم کے لیے بغیر کسی نقصان کے ہوا تھا۔
کپتان اظہر علی کے بعد آج بابر اعظم نے بھی اپنی چوتھی ٹیسٹ سنچری مکمل کی، لنچ پر ان کے ساتھ رضوان بھی 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ واپس آئے ہیں، پاکستان کی برتری 475 رنز ہو چکی ہے.
پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں ناکامی سے دوچار ہوئی تھی اور پوری ٹیم 191رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی۔
سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 271 رنز بنا کر 80 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔
شاہین شاہ آفریدی نے 5 اور محمد عباس نے 4وکٹیں حاصل کی تھیں، تاہم یاسر شاہ ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور 43رنز دینے کے باوجود کوئی وکٹ حاصل نہیں کرپائے نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے حصے میں بھی کوئی وکٹ نہیں آئی۔
راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے والی بارش کی آنکھ مچولی کے باعث برابری پر ختم ہوا تھا لیکن پاکستان کے بلے باز عابد علی نے سنچری بنا کر اپنی بہترین فارم کا ثبوت دیا تھا۔
Comments are closed.