سری لنکا کے خلاف سیریز کے لئے ٹیم کا اعلان، فواد عالم کی واپسی، افتخار ڈراپ
فوٹو : سکرین شاٹ
لاہور (سپورٹس ڈیسک) سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا فواد عالم 10 سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نےقومی ٹیم کا اعلان کیا،آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناکام رہنے والے اظہر علی کی کپتانی برقرار رکھی گئی ہے.
کپتان کے علاوہ اسکواڈ میں عابد علی، بابر اعظم، اسد شفیق،فواد عالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان (جونیئر) ، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود،یاسر شاہ اور عثمان شنواری شامل ہیں۔
چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ ہماری ساری توجہ سری لنکا کے خلاف سیریز پر مرکوز ہے۔ ہم سمجھتےہیں ہم نے میچ وننگ ٹیم بنائی ہے اور ٹیم منتخب کرنے کے لیے ہم نے کافی مشاورت کی ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ بحال ہورہی ہے، پاک-سری لنکا سیریز کے نتائج ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے اہم ہوں گے ۔
مصباح الحق نے بتایا کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کے کپتان اظہر علی برقرار رکھا ہے جبکہ حالیہ سیزن میں کارکردگی کی بنیاد پر فواد عالم ٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں فواد عالم کو افتخار احمد کی جگہ، محمد موسیٰ کی جگہ عثمان شنواری کوٹیم میں شامل کیا ہے۔
قومی ٹیم کی سلیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ پورے پاکستان میں ایک سوچ بنی ہوئی ہے کہ شاید میں اکیلا سلیکشن کے فیصلے کرتا ہوں اور ون مین شو ہے۔
مصباح الحق نے واضح کیا کہ سلیکشن کمیٹی میں ون مین شو جیسی کوئی بات نہیں ہے، 6 سلیکٹرز ہیں جو انتہائی باریک بینی سے ان تمام کھلاڑیوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور میرے ساتھ کام کررہے ہیں۔
Comments are closed.