آسٹریلیا میں شکست کی کوئی معافی نہیں ہے، اظہر علی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)آسٹریلیامیں قومی ٹیم کی ناکامی پر قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے تیاری تو کی تھی لیکن بد قسمتی سے ہم نتائج دینے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
اظہر علی نے کہا ٹیم میں نوجوان کھلاڑی شامل تھے، پہلے ٹیسٹ میں بیٹنگ کی لیکن فائدہ نہ اٹھا سکے، آسٹریلیا میں بولرز وکٹ نہیں لے سکے جس کا نقصان ہوا لیکن ہم نے اس ٹور سے کچھ مثبت چیزیں بھی سیکھیں، شکست کی کوئی معافی نہیں ہے۔
اظہر علی نے کہا کہ بابر اعظم نے بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا، نوجوان کھلاڑی اچھے ہیں اور پاکستان کا مستقبل بہت اچھا ہے، دورے کی اچھی بات بابراعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ تھی۔
کپتان نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا مجھے خود بھی احساس ہے کہ میں رنز نہیں کر رہا، بولرز جب کام نہیں کرتے تو آل راوٴنڈرز یا پارٹ ٹائم بولر سے کام چلانا پڑتا ہے۔
نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے حوالے سے قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا نسیم شاہ نے بہت متاثر کیا جب کہ شاہین آفریدی پہلے سے بہتر بولر بن کر سامنے آئے۔
سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اظہر علی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں کافی ایسی چیزیں سامنے آئیں جو ہمیں آنے والی سیریز میں دہرانی ہیں۔
اظہر علی نے کہا کہ پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ واپس آ رہی ہے اور سب ہی کھیلنا چاہتے ہیں، سری لنکا کے خلاف سیریز کا سب کو انتظار ہے۔ سری لنکا کی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی۔
یاد رہے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں بابراعظم اور محمد رضوان کے علاوہ تمام ہی بیٹسمین ناکام رہے جب کہ نسیم شاہ بھی نتائج کے اعتبار سے خالی ہاتھ واپس آئے۔
Comments are closed.