پاکستان نے ساوتھ ایشین گیمز میں9گو لڈ میڈلز جیت لئے


فوٹو: انٹر نیٹ

کٹھمنڈو (سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے 13ویں ساوٴتھ ایشین گیمز میں اب تک9 طلائی تمغے اپنے نام کرلئے ہیں، صرف کراٹے میں پاکستان نے 5سونے کے تمغے جیتے ہیں۔

نیپال کے شہر کٹھمنڈو میں جاری جنوئی ایشیئن گیمز میں اب تک پاکستانی دستے کی کارکردگی بہت شاندار رہی ہے،بدھ کو پاکستان نے کراٹے میں مزید دو طلائی تمغے جیتے جس کے بعد کراٹے میں پاکستان کے مجموعی طلائی تمغوں کی تعداد پانچ ہو گئی ہے۔

پاکستان کے نعمان احمد نے 50 کلوگرام میں طلائی تمغہ جیتا۔ پاکستان نے کراٹے میں پانچواں گولڈ میڈل خواتین کی ٹیموں کے مقابلے میں حاصل کیا۔

پاکستانی ایتھلیٹ عزیر الرحمن نے مردوں کی دو سو میٹرز دوڑ میں طلائی تمغہ جیتا۔ انھوں نے مقررہ فاصلہ 69.23 سیکنڈ میں طے کیا۔ خاتون ایتھلیٹ نجمہ پروین نے سو میٹرز دوڑ کے مقابلے میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔

کراٹے کے مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل شاہدہ عباسی نے خواتین کے کراٹے مقابلوں کے سنگل کاتا ایونٹ میں حاصل کیا،دوسرا گولڈ میڈل مردوں کے 84 کلوگرام ایونٹ میں محمد اویس نے جیتا۔

کراٹے میں تیسرا طلائی تمغہ سعدی عباس نے 75 کلوگرام کیٹگری میں حاصل کیا،طلائی تمغوں کے علاوہ پاکستان نے کراٹے میں چاندی کے سات اور کانسی کے پانچ تمغے بھی حاصل کیے ہیں۔

چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں باز محمد (84 کلوگرام سے زائد)، ظفراقبال ( 60 کلوگرام)، نصیراحمد (67 کلوگرام)، کلثوم (68 کلوگرام)، ثنا کوثر (55 کلوگرام)، نعمت اللہ (مینز کاتا) شامل ہیں۔

تائی کوانڈو میں پاکستان کے شاہ زیب نے 54 کلوگرام کیٹگری میں طلائی تمغہ جیتا ہے۔ جبکہ خواتین کے 46 کلو گرام مقابلوں میں سدرہ بتول نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا جب کہ فہیم احمد مردوں کے 68 کلوگرام ایونٹ میں چاندی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

خواتین کے 29 سال سے زائد کے پیئر ایونٹ میں مہرالنسا اور شہباز احمد نے چاندی کا تمغہ جیتا،تائی کوانڈو میں پاکستان نے پانچ کانسی کے تمغے بھی حاصل کیے ہیں،شوٹنگ کے مقابلوں میں پاکستان نے 2 طلائی تمغے جیتے ہیں۔

سینٹر فائر پسٹل ٹیم ایونٹ کے مقابلوں میں محمد خلیل اختر، غلام مصطفی بشیر اور مقبول حسین تبسم نے طلائی تمغے اپنے نام کیے جبکہ تین ضرب پوزیشن رائفل ٹیم ایونٹ کے مقابلوں میں غفران عادل، عاقب لطیف اور ذیشان شاکر نے کامیابی حاصل کی۔

خلیل اختر نے سینٹر فائرپسٹل کے انفرادی مقابلوں میں کانسی کا تمغہ جیتا جبکہ تین ضرب پوزیشن رائفل کے انفرادی ایونٹ میں غفران عادل کے حصے میں بھی کانسی کا تمغہ آیا۔

پاکستان کو مردوں اور خواتین کے ٹیم مقابلوں کے سیمی فائنلز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اس طرح دونوں ایونٹس میں پاکستان کو کانسی کے تمغے ملے،والی بال کے فائنل میچ میں انڈیا نے پاکستان کو تین ایک سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا ، پاکستان کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔

پاکستانی ٹیم پاکستانی ٹینس سٹار اعصام الحق اور عقیل خان پرمشتمل ہے۔ مردوں کے ٹیم ایونٹ میں پاکستان کو انڈیا کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اس طرح اس کے حصے میں چاندی کا تمغہ آیا۔

Comments are closed.