طلبہ کااحتجاج رنگ لے آیا،سندھ میں طلبہ یونینز بحال کرنے کی منظوری

فوٹو : فائل

کراچی(ویب ڈیسک) طلبہ کااحتجاج رنگ لے آیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےطلبہ یونین بحال کرنے کی منظوری دے دی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی مرتضی وہاب نے بتایا کہ سندھ اسمبلی طلبہ یونین کی بحالی کے حوالے سے قرارداد منظور کرچکی ہے اور چیئرمین پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری بھی اس حوالے سے اعلانات کر چکے ہیں۔

ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ پہلے ہی طلبہ یونین کی بحالی کی ہدایت کرچکے ہیں اور طلبہ کو سیاسی سرگرمیوں کی اجازت ہونی چاہیے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ جلد ہی ایک قانون بنا کر کابینہ اور پھر سندھ اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا اور اس حوالے سے طلبہ تنظیموں کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں ہوچکی ہیں۔

29 نومبر کو طلبہ یونین کی بحالی سمیت مطالبات کا چارٹر پیش کرنے کے لیے اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی (ایس اے سی) کی قیادت میں ملک بھر میں طلبہ یکجہتی مارچ کیا گیا تھا، جس میں طلبہ کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ٹویٹر میں اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ طلبہ یونین کی حمایت کی ہے، شہید محترمہ بیظیر بھٹو کی جانب سے طلبہ یونین کی بحالی کے اقدام کو جان بوجھ کر معاشرے کو ناکارہ بنانے کے لیے کالعدم کیا گیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا تھا کہ آج طلبہ، یونین کی بحالی، پڑھنے کے حق پر عمل درآمد، سرکاری جامعات کی نجکاری کے خاتمے، جنسی ہراسانی کے قانون کے نفاذ، طلبہ کی رہائش اور جامعات کی ڈی ملیٹرائزیشن کے لیے طلبہ یک جہتی مارچ میں شریک ہورہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘طلبہ کی نئی نسل کی جانب سے پرامن جمہوری عمل کے لیے سرگرمی کا جذبہ اور تڑپ واقعی متاثر کن ہے۔

جب کہ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان بھی اپنے ایک ٹویٹ میں جامعات میں طلبہ یونین کی بحالی کا اشارہ دے چکے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ‘جامعات مستقبل کی قیادت تیار کرتی ہیں اور طلبہ یونینز اس سارے عمل کا لازمی جزو ہیں.

عمران خان نے کہا بدقسمتی سے پاکستان کی جامعات میں طلبہ یونینز میدان کارزار کا روپ دھار گئیں اور جامعات میں دانش کا ماحول مکمل طور پر تباہ ہوکر رہ گیا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم دنیا کی صف اول کی جامعات میں رائج بہترین نظام سے استفادہ کرتے ہوئے ایک جامع اور قابل عمل ضابطہ اخلاق مرتب کریں گے تاکہ ہم طلبہ یونینز کی بحالی کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے انہیں مستقبل کی قیادت پروان چڑھانے کے عمل میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بنا سکیں۔’

یاد رہے کہ 29 نومبر کے مارچ کے بعد لاہور میں سول لائن پولیس نے طلبہ یکجہتی مارچ کے منتظمین اور شرکا کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے تھے اور عالمگیر وزیر نامی ایک شہری کو گرفتار بھی کرلیا تھا۔

طلبہ کے خلاف درج ہونے والی ایف آئی آر

سول لائن پولیس نے ریاست کی مدعیت میں مارچ کے منتظمین عمار علی جان، فاروق طارق، (مشال خان کے والد) اقبال لالا، (پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور ایم این اے علی وزیر کے بھتیجے) عالمگیر وزیر، محمد شبیر اور کامل کے علاوہ 250 سے 300 نامعلوم شرکا کے خلاف مقدمات درج کیے ۔

Comments are closed.