ایڈیلیڈ ،باؤلرز کی درگت بنی، وارنر کی ٹرپل سنچری، پاکستان کے 96 پہ 6 آوٹ
فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)آسٹریلیا نےدوسرے ٹیسٹ میں پہلے پاکستانی باؤلرز کو دھویا پھر بیٹسمینوں پر دھاک بٹھائی، آج جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو 96 رنز پر پاکستان کے 6 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے.
ایڈ یلیڈ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں بھی قومی بلے بازوں کی خراب کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے۔
آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 589 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 96 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز شان مسعود اور امام الحق نے کیا لیکن 3 کے مجموعے پر امام الحق 2 رنز بنا کر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے، کپتان اظہر علی بھی صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔
شان مسعود 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اسد شفیق 9 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے۔ افتخار احمد بھی صرف 10 رنز بنا کر مچل اسٹارک کو اپنی وکٹ دے بیٹھے.
آسٹریلیا نے 302 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا تو مارنس لبوشین انفرادی اسکور میں صرف دو رنز کے اضافے کے بعد شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اسٹیون اسمتھ بھی 36 رنز بنا کر شاہین آفریدی کا شکار بن گئے۔
ڈیوڈ وارنر نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی، وہ 335 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، میتھیو ویڈ نے بھی 38 رنز اسکور کیے، وارنر اور ویڈ کے درمیان 99 رنز کی شراکت ہوئی۔
آسٹریلیا کا اسکور 589 رنز پر پہنچا تو کینگروز قائد نے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا، پاکستان ٹیم نے صرف 35 اوورز کھیلے لیکن 6 وکٹیں گنوا دیں.
چھٹے آوٹ ہونے والے محمد رضوان تھے جو بغیر رن بنائے آوٹ ہوئے، دوسرے دن کھیل ختم ہوا تو بابراعظم 43 اور یاسر شاہ 4 رنز پر کھیل رہے تھے.
خیال رہے کہ برسبین میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک اننگز اور 5 رنز سے شکست دی تھی۔
Comments are closed.