صدر آزاد کشمیر کی او آئی سی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف سے ملاقات

جدہ (شاہ جہاں شیرازی,ابرار تنولی )آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثیمین سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں صدر  آزاد جموں و کشمیر سردار مسعود خان نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیااور کہاکہ 5 اگست کو بھارت کی یکطرفہ اور غیر قانونی کارروائی کا مقصد جموں و کشمیر کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت کو تبدیل کرنا ہے.

IMG 20191124 WA0066

انھوں نے بتایا کہ بھارت کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افراد کو وہاں آباد ہونے کی اجازت دے کر اس کے آبادیاتی ڈھانچے کومسخ کرنا ہے۔انہوں نے اس امر کا اظہار کیاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کو برادر مسلم ممالک خصوصا ان کی نمائندہ تنظیم او آئی سی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں.

مسعود خان نے کہا بھارت پر زور دیا جائے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا سلسلہ فوری ختم کرے، ان کے حقوق کا احترام کرے اور اس تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت پرامن طریقے سے حل کرے۔

انہوں نے جموں و کشمیر کے او آئی سی رابطہ گروپ کو سراہا جس نے   74ویں یو این جنرل اسمبلی اجلاس کے سائیڈ لائنز پر اپنے اجلاس کے دوران، متفقہ طور پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیا اور انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ملاقات میں کشمیریوں کی آبادی کے محاصرے، مواصلات کی بندش اور بلااشتعال طاقت کا استعمال، پیلٹ گن اور نوجوان لڑکوں کے اغواء کے واقعات کی مذمت کی۔

ڈاکٹر یوسف نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق خطے میں پائیدار امن آئے گا۔

Comments are closed.