کامران اکمل مسلسل نظر انداز کرنے پر بول پڑے
فوٹو: فائل
کراچی( ویب ڈیسک )وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل مسلسل کارکردگی دکھانے کے باوجود بھی نظر انداز کرنے پر آخر بول پڑ ے ، دو سال بہترین بیٹسمین قرار پانے والے کامران اکمل نے امتیازی سلوک کا گلہ کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹیسٹ وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کہا قومی ٹیم میں موقع پرفارمنس کی بنیاد پر ملتا ہے لیکن پی ایس ایل یا ٹی 20 کی پرفارمنس پر کھلاڑی قومی ٹیم میں آجاتے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ ہر ٹیم میں دو وکٹ کیپر کھیلتے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بطور وکٹ کیپر رنز اسکور کرنے والا بھی ٹیم کا حصہ ہوتا ہے لیکن آج بھی اپنے آپ پر بھروسا ہے اور جب تک کرکٹ کھیلنی ہے اچھی کھیلوں اور کوشش بھی یہی رہی ہے کہ ٹیم کے لیے کھیلوں لیکن میرے ساتھ چھ سات سال سے امتیازی سلوک ہورہا ہے۔
مصبا الحق سے رابطے سے متعلق ایک سوال پر کامران اکمل نے کہا کہ مصباح الحق سے سلیکشن کے حوالے سے گفتگو یا رابطہ نہیں ہوا، ضروری نہیں کہ سلیکشن کی کال آئے تو تیاری کی جائے کیوں کہ پروفیشنل کرکٹر کے طور پر ہر وقت تیار رہنا لازمی ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک میں میری کارکردگی تو گزشتہ کئی سالوں سے سب کے سامنے ہے لیکن ایسا کوئی پلاسٹک سرجری کا ماہر نہیں ملا جو میری پہچان بدل دے۔
کامران اکمل نے کہا یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کرکٹر ٹی 20 فارمیٹ سے نہیں بلکہ چار روزہ کرکٹ سے میچور کھلاڑی بنتا ہے جب کہ ہمارے بیچ کے لڑکے اس لیے ابھی تک کھیل گئے کیونکہ وہ تیار ہوکر سامنے آئے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے لیکن مناسب طریقہ کار پر چلنے کی ضرورت ہے، مصباح الحق اور دیگر آفیشلز کو اس معاملے پر نظر ثانی کی ضرورت ہے قومی ٹیم میں سلیکشن کا معیار ٹی ٹوئنٹی کردیا گیاہے۔
کامران اکمل نے کہا مجھے تو کسی بھی فارمیٹ میں کھیلنے پر کوئی ایشو نہیں ہے میں نے ہر فارمیٹ میں کارکردگی دکھائی ہے اور دکھا رہا ہوں ۔
Comments are closed.