بھارتی سرکارنے خط کاجواب نہ دیا تو پاکستان چلا جاوں گا،سدھو


فوٹو : فائل

اسلام آباد(ویب ڈیسک)بھارت کے سابق کرکٹر اور سیاستدان نجوت سنگھ سدھو 9 نومبر کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بے تاب ہیں جبکہ بھارتی حکومت اجازت نامہ کے اجراء میں تاخیر ی حربے آزمارہی ہے۔

نجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے افتتاحی تقریب میں شرکت کی حامی بھرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کے لیے بے تاب ہیں۔

بھارتی کرکٹر و سیاستدان نے کہا بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن پر دربار کا افتتاح تاریخی موقع ہے جس کے لیے وہ حکومت پاکستان خصوصاً وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔

sedho letter
نجوت سنگھ سدھو کااجازت کیلئے لکھاخط

دوسری جانب بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کیرکن نجوت سنگھ سدھو نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر کو خط لکھ دیا ہے جس میں سدھو کا کہنا ہے کہ متعدد یادہانیوں کے باوجود آپ نے مجھے جواب نہیں دیا اور نہ ہی حکومت کی جانب سے مجھے اجازت دی گئی ہے۔

بھارتی ریاست پنجاب کے رکن اسمبلی نجوت سدھو کا کہنا ہے کہ وہ حلفیہ کہتے ہیں کہ حکومت شرکت کی اجازت دینے سے منع کردے تو وہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہری کا ثبوت دیتے ہوئے پاکستان نہیں جائیں گے اور اگر ان کے تیسرے خط کا بھی بھارتی سرکارنے جواب نہیں دیاتو وہ دیگر لاکھوں سکھ یاتریوں کی طرح پاکستان چلے جائیں گے۔

بھارتی میڈیا نے وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار کا ایک بیان شائع کیا ہے جس میں انہوں نے سدھو کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ جو چاہیں کرسکتے ہیں۔ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ یہ ایک بڑا موقع ہے اور ہم کرتارپور جانے کے حوالے سے کسی ایک شخص کی درخواست پر فوکس نہیں کرسکتے۔‘

یادرہے کہ گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر سینیٹر فیصل جاوید نے سابق بھارتی کرکٹر و سیاست دان نوجوت سنگھ سدھو سے رابطہ کرکے انہیں 9 نومبر کو منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی تھی۔

گذشتہ سال کرتارپور راہداری کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں سابق کرکٹر اور کانگریس رہنما نوجوت سدھو وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آئے تھے جس کے بعد انہیں بھارت میں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم عمران خان کرتارپورراہداری کا باضابطہ افتتاح 9 نومبر کو سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر کریں گے جس میں بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری شریک ہوں گے۔

Comments are closed.