بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن پر2 برس کی پابندی عائد
دبئی (نیٹ نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شکیب الحسن پرآئی سی سی نے ایک سال کی معطلی سمیت 2 برس کی پابندی عائد کردی۔
آئی سی سی کی طرف سے جاری چارج شیٹ کے مطابق شکیب الحسن نے جنوری 2018 میں سہ فریقی سیریزاور انڈین پریمیئر لیگ میں فکسنگ کی پیشکش کو رپورٹ نہیں کیا۔
شکیب پر یہ بھی الزام ہے کہ اُنہوں نے دو مواقع پر بُکیز کے متعدد رابطوں کو رپورٹ نہیں کیا، مبینہ بکی دیپک اگروال نے جنوری 2018 میں سہ فریقی سیریز میں ’کام‘ کے حوالے سے شکیب الحسن سے بات کی تھی۔
آئی سی سی کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 19 جنوری 2018 کو دیپک اگروال نے شکیب کو میسج کیا’کیا اس سیریز میں کام کرنا ہے، یا آئی پی ایل تک انتظار کریں‘۔
دوسری مرتبہ آئی پی ایل 2018 کے دوران بھی ٹیم کی معلومات کیلئے دیپک اگر وال نے شکیب سے رابطہ کیا ، یہ رابطہ شکیب الحسن سے دیپک اگروال نے واٹس ایپ پر کیا تھا۔
شکیب الحسن نے ٹیم مینجمنٹ اور نہ ہی اینٹی کرپشن یونٹ کو بُکی کے رابطہ کرنے کے بارے میں آگاہ کیا۔تحقیقات کے بعد آئی سی سی نے شکیب الحسن کو ایک سال کی معطل سز ا سمیت 2 برس پابندی کی سزا سُنادی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کے ماضی کے ریکارڈ اور کرکٹ کی عالمی باڈی کے ساتھ تعاون کرنے کے سبب اُن کے ساتھ نرم رویہ رکھا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن نے اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہوئے پابندی پر افسوس کا اظہار کیا ہے، اُن کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو کرپشن سے پاک کرنے کے خواہشمند ہیں اور آئی سی سی کے ساتھ کردار ادا کریں گے تاکہ نوجوان کرکٹرز یہ غلطی نہ کریں.
Comments are closed.