قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں آسٹریلیا روانہ


فوٹو ،سوشل میڈیا

لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم بابر اعظم کی قیادت میں آسٹریلیا روانہ ہوگئی، پہلا میچ تین نومبر کو کھیلا جائے گا۔

قومی ٹیم علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے براستہ دبئی سڈنی کیلئے روانہ ہوئی،دونوں ٹیموں کے دوران 5،3 اور 8 نومبر کو میچز کھیلے جائیں گے ،3 نومبر کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ سے قبل 31 اکتوبر جمعرات کو آسٹریلیا الیون سے پریکٹس میچ بھی کھیلا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم آسٹریلیا سے اظہر علی کی قیادت میں 2 ٹیسٹ میچز بھی کھیلے گی، ٹیسٹ اسکواڈ کے کھلاڑی قائداعظم ٹرافی کا 5 واں راوٴنڈ کھیلنے کے بعد آسٹریلیا روانہ ہوجائیں گے۔

آسٹریلیا روانگی سے پہلے کپتان بابر اعظم نے پریس کانفرنس میں کہا کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس کے ساتھ ٹیم کی بھی پرفارمنس بھی اچھی ہو ، آسٹریلیا میں سیریز ہمیشہ چیلنجنگ ہوتی ہے۔

انھوں نے کہادورہ آسٹریلیا میں سرفراز کی کمی محسوس ہوگی، ان کی بڑی خدمات ہیں، اچھا کھیلنے اور جیت کا جذبہ لے کر آسٹریلیا جا رہے ہیں۔

بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے ، سینئر کے ساتھ جونیئر کھلاڑی بھی شامل ہیں ، محمد عامر کیساتھ اب محمد عرفان بھی ٹیم میں ہیں لہٰذا بولنگ کا کمبی نیشن اچھا ہے۔

Comments are closed.