سارو گنگولی بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ بن گئے
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے بی سی سی آئی کی صدارت سنبھال لی،انھیں ابتدائی طور پر دس ماہ کیلئے یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
بدھ کو ممبئی میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں گنگولی کو آئندہ 10ماہ کے لیے صدر مقرر کیا گیا اور ان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے ان کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
بتایا جاتاہے کہ گنگولی کی تقرری کے ساتھ ہی بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے بورڈ کے معاملات چلانے کے لیے مقررہ کمیٹی کے دور کا بھی خاتمہ ہو گیا جہاں بورڈ میں کرپشن اور فکسنگ اسکینڈلز کے بعد بھارتی سپریم کورٹ کو کرکٹ کے امور میں مداخلت کرنا پڑی تھی۔
سارو گنگولی نے بورڈ کا سربراہ بننے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بی سی سی آئی کے نئے دور کے آغاز کے موقع پر اراکین کی جانب سے مجھے سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کی درخواست کرنا بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔
47سالہ سابق کپتان نے کہا کہ چیزوں کو معمول پر لایا جائے گا، اصلاحات کی جائیں گی اور اسٹیٹ ایسوسی ایشنز کو بڑی رقوم ادا کی جائیں گی۔
گنگولی نے بورڈ کو کرپشن سے پاک کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ میں بورڈ کی ساکھ کو نقصان پہنچائے بغیر اسے بہترین مقام تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
ساروگنگولی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے موجودہ کپتان کو اپنے ملک کی کرکٹ کا سب سے اہم ترین شخص قرار دیتے ہوئے انہیں مکمل سپورٹ کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔
لارڈز میں ٹیسٹ ڈیبیو پر سنچری اسکور کرنے والے گنگولی نے کیریئر کے دوران 16 سنچریوں کی مدد سے 7ہزار سے زائد رنز بنائے جبکہ وہ ون ڈے کرکٹ میں 11ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
Comments are closed.