گھوٹکی، محبت میں ناکام نوجوان کی فیس بک پر لائیو خود کشی

اسلام آباد(نیٹ نیوز)صوبہ سندھ کے علاقے گھوٹکی میں محبت میں ناکامی پر ایک نوجوان نے فیس بک کا لائیو آپشن آن کیا اور کیمرے اور پوری دنیا کے سامنے خود کشی کرلی۔

خود کشی کے اس واقعہ کے بعد فیس بک نے ویب سائٹ سے خودکشی کی ویڈیو ہٹادی،بعد میں پولیس نے خودکشی کرنیوالے نوجوان کی لاش میرپور ماتھیلو کے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردی۔

انتہائی قدم اٹھانے سے قبل نوجوان نے اپنے خاندان اور دوستوں کے نام سندھی میں ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، 6 منٹ طویل ویڈیو میں بار بار یہ کہتا سنائی دیا کہ وہ خودکشی کرنے جارہا ہے۔

نوجوان کا کہنا تھا کہ اسے محبت ہوگئی ہے مگر یہ کسی کام کی نہیں۔ اس نے روتے ہوئے مزید کہا کہ میں ایسا نہیں کرنا چاہتا، مجھے اس تکلیف سے نکلنے کا کوئی راستہ دکھائی نہیں دیتا،نوجوان نے اپنے دوستوں سے درخواست کی کہ اگر کوئی غلطی ہو گئی ہو تو مجھے معاف کردینا۔

یاد رہے فیس بک کے لائیو اسٹریمنگ فیچر کا 2016ء میں آغاز ہوا تھا، ویب سائٹ پر اکاوٴنٹ رکھنے والے ہر شخص کو اس تک رسائی حاصل ہے، یہ فیچر نیوز فیڈ کے اوپری حصے میں موجود ڈراپ ڈاوٴن مینیو پر لائیو ویڈیو کو منتخب کرکے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ویڈیو شوٹنگ سے قبل 3 سیکنڈ کا کاوٴنٹ ڈاوٴن شروع ہوتا ہے اور ویڈیو کو پبلک کئے جانے کی صورت میں قریبی دوستوں سمیت ہر شخص اسے دیکھ سکتا ہے۔

کسی ویڈیو کے نامناسب ہونے پرکوئی بھی شخص اسے رپورٹ کرسکتا ہے، جس کیلئے پوسٹ کے اوپری حصے میں موجود اسکرول ڈاوٴن مینیو پر کلک کرکے ”رپورٹ پوسٹ“ یا ”رپورٹ فوٹو“ کا انتخاب کرکے ہدایت پر عمل کرنا ہوتا ہے۔

Comments are closed.