ایران سے مصالحت ، وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا اور ولی عہد سے ملاقاتیں


فوٹو ۔ عمران خان آفیشل

ریاض (ویب ڈیسک )وزیراعظم عمران خان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں ،ایران کے ساتھ بات چیت سے آگاہ کیا۔

ایران کے دورے کے بعد اب وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچے ہیں دورے کا مقصد مسلم دنیا کے دو بڑے ملکوں ایران اور سعودی عرب میں مصالحت کی کوششیں کونا ہے،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، سیکریٹری خارجہ اور دیگر حکام وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچنے پر گورنر فیصل بن بندر اور وزیرمملکت و نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر ڈاکٹر مساعد بن محمد نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی۔

عمران خان نے علاقائی امن و استحکام کی خاطر خطے میں اختلافات اور تنازعات کے سیاسی اور سفارت کاری کے ذریعے حل پر زور دیا اور
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے بعد میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان اور عالمی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، بعد میں وفود کی سطح پر ملاقات میں پاک سعودی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک سمیت پورے خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں، خطے میں ہر قسم کے تنازعات اور اختلافات کا سیاسی رابطوں اور سفارتکاری سے حل ممکن ہے،وزیراعظم نے محمد بن سلمان کو بھی مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم کا رواں سال سعودی عرب کا تیسرا دورہ ہے، اس سے قبل اتوار کو وزیراعظم عمران خان نے ایران کا ایک روزہ دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے صدرحسن روحانی اور ایرانی رہبر اعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقاتیں کیں تھیں۔

ایران نے دو اسلامی ممالک میں کشیدگی کے خاتمہ اور ثالثی کیلئے عمران خان کی کوششوں کاخیر مقدم کیا تھا اور ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا تھا کہ بات چیت کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے۔

ایران سے واپسی پر وزیراعظم عمران خان چین چلے گئے تھے جہاں خطے کی صورتحال پر چینی قیادت کے ساتھ مشاورت کی گئی، عمران خان چین سے واپس آئے تو سعودی قیادت سے ملنے کیلئے چلے گئے ۔

Comments are closed.