ٹی ٹوئنٹی کا عالمی نمبر ون پاکستان سری لنکن ینگسٹرز کے ہاتھوں وائٹ واش ہو گیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک) سری لنکا نے پاکستان کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔
سری لنکن ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی کی نمبر ون ٹیم گرین شرٹس کے خلاف 0-3 سے فتح حاصل کرلی، کم تجربہ کار کھلاڑیوں کے سامنے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مکمل طور پر فیل ہوگئی.
پاکستان کی فیلڈنگ بھی ناقص رہی اور کپتان سرفراز، فخر زمان. شاداب خان اور عثمان شنواری نے کیچز ڈراپ کیے، سرفراز نے ایک بار پھر اوپر آکر اورفیل ہو کر ٹیم کے مسائل میں اضافہ کیا.
سیریز میں پے در پے ناکامیوں کے باعث پست حوصلہ بلے بازوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور 148 رنز کے جواب میں قومی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 134 رنزہی بنا سکی۔
قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی۔ ابتدا میں گرین شرٹس کے بولرز نے قدرِ اچھی بولنگ کرتے ہوئے 58 رنز پر 4 کھلاڑیوں کو پویلین بھیج دیا.
پانچویں وکٹ پر کپتان شناکا اور فرنینڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کر کے مجموعے کو 134 تک پہنچایا، اس دوران فرنینڈو نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی جب کہ فیلڈرز نے کیچز بھی چھوڑے۔
فرنینڈو ایک اینڈ پر ڈٹ کر کھڑے رہے اور وکٹ کے چاروں جانب کھل کر اسٹروکس کھیل کر تیزی سے رنز میں اضافہ کرتے رہے، وہ 48 گیندوں پر 78 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ان کی اننگز میں 8 دلکش چوکے اور 3 شاندار چھکے شامل تھے۔
سری لنکا کی جانب سے گناتھیلکا 8، سمارا اوکراما 12، راجا پکسیا 3، پریرا 13، شناکا 12، مدوشانکا 1 اور ڈی سلوا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کے سب سے کامیاب بولر محمد عامر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ سے قبل سری لنکن کپتان کا کہنا تھا کہ پوری سیریز میں ہماری ٹیم بہت اچھا کھیلی جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے جب کہ قومی کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کا میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، ناقص کارکردگی پر عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد حسنین کو ڈراپ کر کے حارث سہیل، افتخار احمد اور عثمان شنواری کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن ناتجربہ کار مہمان ٹیم سب کچھ بہا لے گئی، نوجوان بولر محمد حسنین کی ہیٹ ٹرک بھی شکست سے نہ بچاسکی۔ سری لنکا کے 165رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 20 اوورز بھی پورے نہ کھیل سکی اور 18ویں اوور میں 101رنزپر ڈھیر ہو گئی۔
دوسرے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 182 رنز بنائے جس کے جواب میں قومی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑاگئی اور ایک بار پھر پوری ٹیم پویلین واپس لوٹ گئی۔
Comments are closed.