بریسٹ کینسر سے قبل نظر آنے والی علامات


ویب ڈیسک

دنیا بھر میں بریسٹ کینسر کا شمار خطرناک بیماریوں میں ہوتا ہے، اور لاکھوں خواتین اس میں مبتلا ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں ہر ایک لاکھ خواتین میں سے لگ بھگ 111 خواتین اس مرض کا شکار ہوتی ہیں، جب کہ کچھ ممالک میں اس کی شرح اس سے کم بھی ہے۔

ایسی مریض خواتین نہ صرف پسماندہ اور ترقی یافتہ ممالک میں پائی جاتی ہیں، بلکہ حیران کن طور پر ترقی پذیر ممالک کی خواتین اس مرض میں زیادہ مبتلا ہوتی ہیں۔

پاکستان میں ہر 8 ویں خاتون کسی نہ کسی طرح کی بریسٹ کینسر میں مبتلا ہے، جب کہ سالانہ 40 ہزار خواتین اس مرض کے باعث ہلاک ہوجاتی ہیں۔

بریسٹ کینسر موذی مرض ہے، لیکن اگر شروع سے ہی اس کا علاج کیا جائے تو اس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کاکہنا ہے کہ زیادہ تر خواتین کو اس بات کا اندازہ ہی نہیں ہوتا کہ ان میں حیران کن تبدیلیاں اسی وجہ سے ہی ہو رہی ہیں کہ ان میں بریسٹ کینسر کے مرض کا خدشہ ہے۔

دیگر بیماریوں کی طرح بریسٹ کینسر کی بھی کچھ ایسی واضح اور عام علامات ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ بریسٹ کینسر کا مرض شروع ہو رہا ہے۔

یہ علامات بریسٹ کینسر کی نشاندہی میں مدد گار ثابت ہوسکتی ہیں، تاہم علامات ظاہر ہونے کے بعد فوری طور پر اپنے معالج سے رجوع کیا جائے، تاکہ کسی بھی خطرے کے مقابلے کے لیے وقت سے پہلے تیاری کی جاسکے۔

مسلسل ہڈیوں، جوڑوں، جسم کے دیگر حصوں اور سر میں درد رہنا۔

چھاتی کے دونوں اطراف کے درمیان واضح فرق ہوجانا۔

چھاتی کی جلد پر جلد جیسی ایک اور باریک تہ کا بننا۔

وزن کا بڑھنا، کمر کا پھیلنا۔

پیٹ کے اوپر چھاتی کے ارد گرد جسم کے کسی بھی حصے میں مسلسل درد رہنا۔

چھاتی کے ارد گرد جلد میں ڈمپل پڑ جانا یا جلد میں جھریوں کا پیدا ہونا۔

بازوں اور چھاتی کے ارد گرد والی جلد پر زخم جیسے نشانات پیدا ہونا، اور ان سے گندگی کا نکلنا۔

متذکرہ علامات اس امکان کو ظاہر کرتی ہیں کہ متاثرہ شخص بریسٹ کینسر کا شکار ہونے والا ہے، تاہم ڈاکٹر کہتے ہیں کہ ان علامات کا بعض مرتبہ کچھ اور مطلب بھی ہوتا ہے۔

ایسی اور ان سے ملتی جلتی علامات کے بعد اپنے قریبی معالج اور خصوصی طور پر کینسر اور ماہر امراض جلد سے رابطہ کیا جائے۔

Comments are closed.