طالبان نے 11ساتھیوں کے بدلے 3بھارتی انجینئرز چھو ڑ دیئے
کابل(نیٹ نیوز) افغا نستان میں طالبان نے اپنے 11 جنگجووں کے بدلے 3 بھارتی انجینئرز کو چھوڑ دیئے۔
اس حوالے سے بین الاقوامی خبر رساں ادارے نے خبر دی ہے کہ افغانستان میں طالبان جنگجووں نے ایک سال قبل اغوا کیے گئے 7 بھارتی انجینئرز میں سے 3 کو رہا کر دیاہے ۔
بھارتی انجینئرز کی رہائی کے بدلے 11 طالبان قیدیوں کو بھی رہا کرایا گیا ہے جن میں ملا عمر دور کے کنڑ اور نمروز کے دو سابق صوبائی گورنرز شیخ عبدالرحیم اور مولوی عبدالرشید بھی شامل ہیں۔
قیدیوں کا تبادلہ امریکا کی مداخلت اور مذاکرات کے بعد بغلان صوبے میں امریکی فوجی اڈے سے ہوا لیکن طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد، کابل حکومت اور بھارت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے ۔
طالبان کی مقامی قیادت کی جانب سے جاری کی گئیں کچھ تصاویر زیر گردش ہیں جن میں دونوں گورنرز اور دیگر قیدیوں کا پْرتپاک استقبال کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ افغانستان کے صوبے بغلان میں 2018 کو بجلی کے ایک منصوبے پر کام کرنے والے 7 بھارتی انجینئرز کو طالبان جنگجووں نے اغوا کرلیا تھا جن میں سے ایک کسی نہ کسی طرح فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا اور بھارت پہنچ گیا تھا۔
Comments are closed.