پاک سری لنکا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا


اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک) پاک سری لنکا ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج کھیلا جائے گا، جمعہ کو دونوں ٹیموں نے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کئے۔

قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کے دوران قومی ٹیم کے باولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ باولر محمد حسنین کو خصوصی ٹپس دیں،ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں نے خوب ورک آوٴٹ کیا، لمبے عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا۔

احمد شہزاد ایک سال بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں، اوپنر کو واحد اعزاز ہے کہ وہ قومی ٹیم کی طرف سے تینوں فارمیٹ میں سنچری بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں، انہوں نے آ خری ٹی ٹونٹی 13 جون 2018ء کو سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلا تھا۔

انہوں نے 57 ٹی ٹونٹی میچز میں 1454 رنز بنا رکھے ہیں۔ 26.43 کی اوسط سے رنز بنانے والے احمد شہزاد کے کیریئر میں ایک سنچری اور 7 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ ہوم کراوٴڈ کے سامنے پہلی مرتبہ گرین شرٹس زیب تن کرنے کے مترادف ہے۔ویسے بھی میرا قذافی سٹیڈیم کے ساتھ بہت گہرا تعلق ہے، ہماری قوم کرکٹ سے بہت پیار کرتی ہے، ہم وطنوں کے سامنے کھیلنے بہت بے چین ہوں۔

عمر اکمل بھی 3 سال بعد قومی ٹیم میں واپس آئے ہیں، آخر بار 27 ستمبر 2016ء کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹونٹی میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں، مڈل آرڈر بیٹسمین نے 82 میچوں میں26.82 کی اوسط سے 1690 سکور بنا رکھے ہیں۔

عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں نے ٹیم میں واپسی کے لیے بہت محنت کی ہے، تین سال کے عرصے میں اپنی فٹنس اور سکلز میں بہتری لانے پر پوری کوشش کی۔ میرے سسر عبدالقادر کی خواہش تھی جلد ٹیم میں واپس آوٴں۔

میچ کیلئے قذافی سٹیڈیم کے اطراف کی سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے، سڑکیں بند کر دی گئیں، میچ کے دوران 10 ہزار سے زائد سیکورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔

Comments are closed.